درگا بھون کی تعمیر کیلئے شرائین بورڈ اورسی پی ڈبلیو ڈی کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط
جموں// راج بھون میں منعقدہ ایک اجلاس میں لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا ، جو شری ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ کے چیئر مین بھی ہیں ، نے شری ماتا ویشنو دیوی جی کی پوتر گپھا کے درشن کیلئے جانے والے یاتریوں کیلئے رہائشی سہولیات کو بڑھانے کے سلسلے میں بھون اور شرائین کے علاقے کی توسیع اوربھون کے علاقے میں پانچ منزلہ درگا بھون کی تعمیر کو حتمی شکل دینے کے ماسٹر پلان کا جائیزہ لیا ۔پاور پوائنٹ پرذنٹیشن کے ذریعے سکول آف پلاننگ اینڈ آرکیٹیکچر نئی دہلی کے پروفیسر مندیپ سنگھ نے بھون کے ماسٹر پلان ، درگا بھون کی نمایاں خصوصیات ، انٹر میڈیٹ مقامات کیلئے منصوبہ بندی اور ڈیزائین آرکیٹیکچرل کوڈز اور انفراسٹریکچر سے متعلق لیفٹنٹ گورنر کو جانکاری دی ۔لیفٹنٹ گورنر نے شرائین بورڈ کے سی ای او کو ہدایت دی کہ وہ درگا بھون کی جلد اور بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں تا کہ یاتری جلد سے جلد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں ۔ انہوں نے مزید ہدایت دی کہ یاتریوں کیلئے اس سہولت کی بروقت تکمیل کیلئے پی ای آر ٹی چارٹ مرتب کیا جائے اور اس کی سختی سے پیروی کی جائے ۔ انہوں نے پوتر گپھا کے درشنوں کی خاطر آنے والے یاتریوں کیلئے بنیادی ڈھانچے کی سہولیات کے قیام کیلئے ماسٹر پلان کے مختلف پہلوؤں پر بروقت عمل درآمد کو یقینی بنانے کی بھی ہدایات دیں ۔ لیفٹنٹ گورنر نے مزید کہا کہ گندھے پانی کی ری سائیکلنگ ، ایس ٹی پیز کے قیام اور یاتریوں کیلئے بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے خاطر خواہ انتظامات کئے جانے چاہئیں۔ اس تناظر میں لیفٹنٹ گورنر کی موجودگی میں سی ای او ایس ایم وی ڈی ایس بی رومیش کمار اور درگا بھون کی تعمیراتی ایجنسی کے سپیشل ڈائریکٹر جنرل سی پی ڈبلیو ڈی اننت کمار کے مابین ایک مفاہمت نامے پر دستخط بھی ہوئے ۔ میٹنگ کے دوران بتایا گیا کہ درگا بھون میں آنے والے یاتریوں کیلئے لاکر ، بیت الخلاء ، کمبل اور کھانے پینے کی اشیاء بھی دستیاب رہیں گی ۔ اس کے علاوہ درگا بھون میں لفٹوں کی مناسب سہولیات میسر ہوں گی ۔ عمارت کا اوپری چھت بھون کے موجودہ ٹریک کی سطح پر ہو گا جسے ویو پوائینٹ کے علاوہ آنے والے یاتریوں کیلئے آرامگاہ کے طور پر ترقی دی جائے گی ۔ یہ بات قابل ِ ذکر ہے کہ درگا بھون کی تعمیر بھون کے علاقے کے منظور شدہ ماسٹر پلان کا ایک حصہ ہے جس کو شرائین بورڈ نے بھون اور توسیع شرائین ایریا کیلئے تیار کیا ہے ۔