جموں// ملک بھر میں لوگوں کی شرکت کے ذریعہ پانی کے تحفظ کو زمینی سطح تک لے جانے کے مقصد کے ساتھ ، وزیر اعظم نریندر مودی نے عالمی یوم پانی کے موقعہ پرپیر کو "جل طاقت ابھیان: بارش کو ذخیرہ کرو" مہم کا آغاز 'کیا۔ لیفٹیننٹ گورنر ، منوج سنہا نے کنونشن سینٹر ، جموں میں منعقدہ یوٹی سطح کے پروگرام کی صدارت کی ، اس موقع پر انہوں نے بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کی سرگرمیوں میں منتخب نمائندوں اور جموں و کشمیر کے لوگوں کی فعال شرکت پر زور دیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے مربوط انداز میں آبی وسائل کے تحفظ اور حفاظت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی نے گلیشیروں کو 17سے 25 فیصد کم کردیا ہے جس کی وجہ سے جموں و کشمیر کے متعدد اضلاع میں آبی وسائل میں تیزی سے کمی واقع ہوئی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا’’نگرانی کر رہے 208 ہائیڈروگراف اسٹیشنوں میں سے ، 171 آبی کنوؤں میں پانی کی سطح کم ہورہی ہے جو ایک تشویش کا باعث ہے اور ہمیں ان کے تحفظ پر کام کرنے کی ضرورت ہے، تاہم جموں صوبے میں صرف 37 ایسے کنویں ہیں جہاں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ اعداد و شمار سے ہمیں اطمینان حاصل ہوتا ہے ، لیکن پانی کے وسائل میں کمی کے پیش نظر وہ ہمیں حیرت میں ڈال دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا’’اب وقت آگیا ہے کہ ہمیں باقی کنوئوں میں پانی کی سطح بڑھانے کے لئے ایک مربوط حکمت عملی تیار کرنی چاہئے،اس سے پہلے کہ بہت دیر ہوجائے‘‘۔، انہوں نے کہا جموں خطے کے جموں ، کٹھوعہ ، سانبہ اور ادھمپور اضلاع کے متعدد علاقوں میں پانی کی سطح نیچے آگئی ہے اور ہمیں کام کرنا ہوگا کہ ایسے علاقوں میں پانی کی سطح کو کیسے بڑھایا جائے۔تاہم ، انہوں نے کہا ، اطمینان کی وجہ یہ ہے کہ سنٹرل گراؤنڈ بورڈ (سی جی بی) نے تمام 20 اضلاع کو ’’محفوظ زمرہ‘‘میں رکھا ہوا ہے ، لیکن انہوں نے (سی جی بی) یہ بھی کہا کہ’’موسمیاتی تبدیلی جموں و کشمیر کو بھی متاثر کر رہی ہے،اور اس پر زور دیا ہے کہ آبی وسائل کے تحفظ کی راہ میں آنے والی تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے‘‘۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا’’مجھے یقین ہے کہ آبی وسائل کو محفوظ رکھنے اور ان کی حفاظت کے لئے پرانی تکنیکیں زیادہ موثر ہیں،تاہم آبی وسائل کے تحفظ کے لئے مزید کوششیں متحد طور پر کی جانی چاہئے ‘‘۔سنہا نے کہا کہ سالوں سے تالابوں سمیت 90 فیصد آبی ذخائر کو نظرانداز کیا گیا ہے۔ انہوں نے وادی کشمیر میں ولر جھیل کے بارے میں 1911 میں سروے آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے حوالے سے کہا۔’’اس رپورٹ کے مطابق ، ایشیاء کی سب سے بڑی میٹھی پانی کی جھیل آج کل ، 91.29 مربع کلومیٹر علاقے سے 75.82 مربع کلومیٹر تک محدود ہے۔ ان کا کہنا تھا’’میں نے صرف ایک پر تبادلہ خیال کیا ہے ، لیکن دوسرے پانی کے ذخائر کی حالت بھی ایسی ہی ہے۔انہوں نے کہا ، ضلع بارہمولہ میں 1966 میں کی گئی سروے میں ، 163 جھیلیں اور آبی ذخائر موجود تھے اور اب ، ان کی تعداد 124 ہوگئی ہے اور ضلع کپواڑہ میں ، 111 جھیلیں اور آبی ذخائر تھے جو اب گھٹ کر 88 رہ گئے ہیں۔، انہوں نے کہا کہ جموں صوبے کے ادھمپور ضلع میں 26 جھیلیں اور آبی ذخائر موجود تھے ، اور اب ان کی تعداد 19 رہ گئی ہے۔ لہٰذا موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے ، گلیشیر کا سائز بھی 17 فیصد سے 25 فیصدکم ہوکر رہ گیا ہے جس کی وجہ سے بہت سے اضلاع میں پانی کے وسائل تیزی سے ختم ہورہے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ، کئی سالوں سے ، انتظامیہ نے آبی وسائل کے تحفظ کے لئے کوششیں کیں اور بہت سے اضلاع ڈوڈہ اور وادی کشمیر کے دیگر حصوں میں وسائل میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا1966 میں ڈوڈہ ضلع میں 13 آبی ذخائر تھے ، اور اب بڑھ کر 88 ہو گئے ہیں جبکہ سری نگر میں ، اس وقت 52 آبی ذخائر تھے اور اب ، ان کی تعداد بڑھ کر 74 ہوگئی ہے۔ اننت ناگ میں ، 1966 کے سروے کے مطابق ، آبی ذخائر 88 تھے اور اب ، ان کی تعداد 98 ہوگئی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ان علاقوں میں جہاں انتظامیہ نے پہل کی اور لوگوں نے تعاون کیا ، آبی اداروں میں اضافہ ہوا ہے۔ لہذا ، منتخب پنچایت ممبروں ، محکمہ جنگلات ، اور محکمہ دیہی ترقی کی شمولیت کے ساتھ آبی اداروں کے تحفظ کے لئے مربوط حکمت عملی کے تحت عوامی شراکت کی ضرورت ہے تاکہ آنے والے 3 سے 4 سالوں میں ، پانی کی سطح میں اضافہ ہو۔ انہوں نے پانی کے تحفظ کے لئے شجر کاری مہم پر بھی زور دیا۔