بانہال// رام بن بانہال سیکٹر میں پیر کی دوپہر بعد کئی مقامات پر پتھر اور پسیاں گر آنے کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد و رفت معطل کی گئی۔شاہراہ بند ہونے سے سینکڑوں مال بردار گاڑیاں درماندہ ہوگئی ہیں جبکہ مسافر گاڑیوں کو رام بن اور ادہمپور کے درمیان ہی کئی مقامات پر روک دیا گیا ۔ پیرکو مسافر اور مال گاڑیوں کو جموں سے سرینگر آنے کی اجازت تھی۔ سہ پہر تین بجے پنتھیال علاقے میں پتھروں کے گر نے کا سلسلہ شروع ہوا اور گاڑیوں کی آمد و رفت روک دی گئی۔ پولیس کنٹرول یونٹ رام بن نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شاہراہ کو پنتھیال، شیربی بی اور شابن باس کے مقام پر پتھروں اور پسیوں کے گر آنے کی وجہ سے پیر کی دوپہر قریب تین بجے سے ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ رات ہونے کی وجہ سے شاہراہ کی بحالی کے امکانات نا ممکن ہیں اور رام بن و بانہال کے درمیان درماندہ ٹریفک کی بحالی کے امکانات کا جائزہ منگل کو لیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ بھاری ٹریفک شاہراہ کے بند ہونے کی وجہ سے پنتھیال، شیر بی بی اور شابن باس کے متاثرہ مقامات کے آرپار درماندہ ہے۔