پی ڈی پی کی زنانہ ونگ
عہدیدارنامزدوادی کے ضلع صدورکا تقرر
سرینگر//پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کی صدرمحبوبہ مفتی نے سرجیت کور کوپارٹی کی زنانہ ونگ کی صدرنامزدکیا ہے جبکہ زاہدہ صابر کوجنرل سیکریٹری مقررکیاگیا ہے۔پارٹی صدر نے وادی کے مختلف اضلاع کیلئے ضلع صدورکوبھی نامزد کیا۔ایک بیان میں پارٹی ترجمان نے کہاکہ پارٹی کے سٹیٹ سیکریٹری عبدالحمیدکوہ شین کو سرینگرضلع کے صدر کااضافی چارج بھی تفویض کیا گیاہے۔ایڈوکیٹ شیخ جاوید کوضلع صدراننت ناگ،باری اندرابی کو ضلع صدرپلوامہ،بشیراحمدمیرکوضلع صدرگاندربل،محمدیاسین بٹ کوضلع صدربڈگام،جلال الدین شاہ کوضلع صدربارہ مولہ ،محمدافضل وانی کوضلع صدرکپوارہ اورغلام نبی تانترے کوضلع صدربانڈی پورہ نامزد کیا گیا ہے۔
شوپیان میں ATMکی توڑپھوڑ
۔17لاکھ67ہزار روپے کی رقم لوٹی گئی
شاہد ٹاک
شوپیان//جنوبی ضلع شوپیان میں لیٹروں نے دوران شب ا سٹیٹ بینک آف انڈیا کے ایک اے ٹی ایم کو توڑ کر اس میں موجود قریب 18لاکھ روپے کی رقم لوٹ لی۔یہ اے ٹی ایم قصبہ کے پرانے بس اسٹینڈکے نزدیک بٹہ پورہ چوک میں نصب ہے۔اے ٹی ایم کو لیٹروں نے توڑ کر اسکے ٹکرے ٹکڑے کئے اور اس میں موجود 17لاکھ67ہزار روپے کی رقم لوٹ لی ۔ واقعہ میں ملوث لٹیروں نے اے ٹی ایم کوپوری طرح سے توڑڈالا ۔انہوں نے کہاکہ سوموارکی صبح اے ٹی ایم مشین کوٹوٹی پھوٹی حالت میں مین مارکیٹ میں سڑک پرپڑا دیکھاگیا،جسکے بعدمتعلقہ بینک افسروںنے اس بات کا اندازہ لگایا کہ اے ٹی ایم میں موجود کتنی رقم پر ہاتھ صاف کیا گیا ہے۔پولیس نے کیس رجسٹر کر کے تحقیقات شروع کردی ہے۔
میڈیکل کالج بارہمولہ میں کمسن بچی کورونا مثبت قرار دیئے جانے کے معاملے کی تحقیقات کاحکم
فیاض بخاری
بارہمولہ//میڈیکل کالج بارہ مولہ کے ایسوسیٹ اسپتال میں ایک بچی کاکووِڈ- 19ٹیسٹ مثبت قرار دینے کے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیاگیا ہے جبکہ اس بچی کے والدین نے ڈاکٹروں پرالزام لگایاہے کہ انہوں نے جان بوجھ کرمعصوم بچی کی غلط رپورٹ دکھائی تاکہ انہیں اس کا علاج نہ کرنا پڑے۔تفصیلات کے مطابق 16مارچ کونو برس کی ثانیہ کے پیٹ میں شدید درد ہوا،جس کے بعد اُسے گھر والوں نے میڈیکل کالج بارہ مولہ پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی جانچ کی اور کئی ٹیسٹوں سمیت کووِڈ تیسٹ کرنے کی ہدایت دی اور بچی کو کچھ دوائیاں بھی تجویز کیں۔بچی کے والدنصیراحمد ڈار ساکن شیروانی کالونی خوجہ باغ کے مطابق 16مارچ کو کئے گئے ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ میں اس کی بچی کوکورونا مثبت قراردیا گیا۔نصیرکے مطابق اس کے بعد ڈاکٹروں نے بچی کی یہ کہہ کرعلاج کرنے سے انکار کیا کہ وہ کووِڈمثبت ہے ،لیکن وہ دردسے بلبلارہی تھی۔والدین نے کہا کہ میڈیکل کالج بارہ مولہ کے ڈاکٹروں کا رویہ دیکھ کر انہوں نے بیٹی کو سرینگر کے ایک نجی اسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے اس کا ٹیسٹ کیا،جو منفی آیا۔ڈاکٹروں نے بچی کے دیگر ٹیسٹ بھی کئے جن سے پتہ چلا کہ اُسے اپنڈسائٹس ہے اور اس کی فوری جراحی کرکے اس کی جان بچائی ۔اس بچی کے والدین نے الزام لگایا کہ بارہ مولہ میڈیکل کالج میں اس کاکوروناٹیسٹ غلط طور کیا گیا جس کی تحقیقات کرنے کا انہوں نے مطالبہ کیا۔ ادھرپرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج بارہ مولہ ڈاکٹرروبی ریشی نے بتایا کہ انہیں اس بچی کے والدین سے ایک شکایت موصول ہوئی ہے اور معاملے کی تحقیقات کاحکم دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں اگر کہیں کسی سے کوئی کوتاہی سرزد ہوئی ہوگی تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
گریز میں احتجاج،ہسپتال میںطبی عملہ کی کمی کا الزام
عازم جان
بانڈی پورہ//گریز میںلوگوں نے سب ضلع ہسپتال میں طبی ونیم طبی عملہ کی کمی کے خلاف زبردست احتجاج کیا ہے ۔احتجاج کرنے والوں میں پنچ اور سرپنچ بھی شامل تھے۔ احتجاجی مظاہرین نے بتایا کہ بہت سارے طبی ملازمین دو سال سے غائب ہیں ۔انہوں نے کہا کہ گریز سے ہی تعلق رکھنے والے کئی ملازم بانڈی پورہ میں رہائش پذیر ہیں ۔لوگوں نے صوبائی کمشنر کشمیر اور ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ سے مداخلت کی اپیل کی ہے ۔
ضلع اسپتال ہندوارہ میں کامیاب لیپراسکوپک جراحی
اشرف چراغ
کپوارہ// ضلع اسپتال ہندوارہ میں پیر کوڈاکٹر عاشق کی نگرانی میںایک کامیاب لیپراسکوپک جراحی انجام دی گئی ۔ضلع اسپتال میں اس قسم کی یہ پہلی سرجری ہے ۔اس سلسلے میں میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر نثار احمد وانی نے کہا کہ چند ماہ قبل ورلڈ بینک نے ضلع اسپتال ہندوارہ کو لیپراس کو پک مشین فراہم کی اور پیر کے روزبا ضابطہ ایک کامیاب سرجری کی گئی ۔
خواجہ باغ بارہمولہ جٹی پل کی تعمیر کو منظوری
جموں // پبلک ورکس (آر اینڈ بی) محکمہ نے سوموار کو جٹی خواجہ باغ بارہمولہ میں جہلم پر پل کی تعمیر کو منظوری دی ۔حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ جٹی خواجہ باغ بارہمولہ میں بننے والے 262میٹر پل پر 29کروڑ 8412 روپے خرچ ہونگے ۔ محکمہ پبلک ورکس کے حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ اس پل کی تعمیر 3اکتوؓر 2019کو جموں و کشمیر ڈیلوپمنٹ فائنانس کارپوریشن لمیٹیڈ نے لینگوشنگ پروجیکٹس پروگرام کے تحت 21کروڑ8687 روپے واگذار کئے گئے جبکہ اس حوالے سے ایڈمنسٹریٹیو کونسل نے احکامات 10مارچ کو جاری کئے ہیں۔
جنگلات کی حفاظت ہر شہری کا فرض
ڈاکٹر فاروق کا شجر کاری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر زور
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے عوام سے کہا ہے کہ وہ ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے کیلئے شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ اُنہوں نے سکولوں ، کالجوں ، یونیورسٹی ، مساجد کے صحنوں اور عام شہراہوں کے اردگرد پودے نصب کرنے پر زور دیا۔انہوں نے دیہات میں رہنے والوں لوگوں سے تاکید کی کہ وہ شجرکاری کی جاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیکر زیادہ سے زیادہ پودے اپنے گرد ونواح میںلگائیں۔ انہوں نے کہا کہ نامساعد حالات کے دوران جنگلات کو خاصا نقصان پہنچایا گیا ہے اور اب جنگلات کے ساتھ ساتھ آبی ذخائر بھی سکڑتے جارہے ہیں اور غیر معمولی تبدیلی کے بُرے اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی ،کہ وہ زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کے پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے دوسرے لوگوں کو بھی اِس مہم میں شامل کریں۔
پلوامہ سے ڈی ڈی سی ممبران اپنی پارٹی میں شامل
سرینگر//ضلع پلوامہ سے ڈی ڈی سی ممبران نے پیر کے روز اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اس سلسلے میں لالچوک سرینگر میں تقریب منعقد ہوئی جس میں سینئر نائب صدر غلام حسن میر، صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر، ضلع صدر سرینگر نور محمد شیخ، ضلع صدر پلوامہ غلام محمد میر، ضلع صدر گاندربل جاوید میر اور ضلع ترقیاتی کونسل چیئرمین سرینگر آفتاب ملک بھی موجود تھے۔ اس دوران ڈی ڈی سی ممبر ڈڈسر ترال اوتار سنگھ، ڈی ڈی سی ممبر شادی مارگ پلوامہ محمودہ جان اور ڈی ڈی سی ایچھہ گوز پلوامہ سے منشا اپنی پارٹی میں شامل ہوئیں۔ سینئر نائب صدر غلام حسن میر نے اِن ضلع ترقیاتی کونسل ممبران کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی کے دروازے اُن تمام افراد کے لئے کھلے ہیں جو جموں وکشمیر کے لوگوں کی بہتری کیلئے کام کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا’’اپنی پارٹی جموں وکشمیر کے لوگوں کو درپیش مشکلات کو حل کرنے کی وعدہ بند ہے، پارٹی جذباتی نعرؤں پر یقین نہیں رکھتی، اِس کے بجائے عام آدمی سے جوڑے روز مرہ حقیقی مسائل پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے‘‘۔انہوں نے کہاکہ پارٹی جموں وکشمیر کے ریاستی درجہ کی بحالی کے وعدے پر قائم ہے اور کبھی بھی اِس سے پیچھے ہٹے گی نہیں۔ میر نے کہا’’ہماری جماعت ریاستی درجہ کی بحالی کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں چھوڑے گی، یہ میرا اپنی جماعت کی طرف سے آپ کے ساتھ وعدہ ہے‘‘انہوں نے ڈی ڈی سی ممبران سے کہاکہ وہ لوگوں کی فلاح وبہبودی کے لئے محنت ولگن سے کام کریں۔
مفتی اعظم کا سا بق ڈائریکٹر ہیلتھ کے انتقال پر اظہار تعزیت
سرینگر//جموں کشمیر کے مفتی اعظم اور مسلم پرسنل لاء بورڈ کے چیئر مین مفتی ناصرالاسلام نے سابق ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر محمد شاہ کے انتقال پرگہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ موصوف امریکہ میں فوت ہوئے ۔مفتی اعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈاکٹر غلام محمد شاہ نہایت ہی شریف النفس انسان تھے اور لوگ انہیں قدر ومنزلت کی نگا ہ سے دیکھتے تھے۔مفتی اعظم نے کہا’’میں ذاتی طور پر اس صدمے میں لواحقین کے غم میں شریک ہوں اور اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ مرحوم کو جنت الفردوس اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا کرے''۔