بڈگام//بڈگام میں ریلوے اسٹیشن کی دومنزلہ عمارت میں دن دہاڑے آگ نمودار ہوئی جس کے نتیجے میں ریلوے ایکسچینج کی لاکھوں روپے مالیت کی مشینری جل گئی ۔بڈگام ریلوے اسٹیشن پر موجود 38 کمروں پر مشتمل پینٹاگون شکل میں بنی دو منزلہ عمارت ،جس میں ریلوے ایکسچینج ہے، کے ایک کمرے سے شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی جس کی لپیٹ میں مزید تین کمرے آگئے۔اس موقعہ پر محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی بڈگام کو اطلاع دی گئی جنہوںنے کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔ ۔آگ کی واردات میں ریلوے ایکسچینج میں موجود لاکھوں روپے مالیت کی مشینری خاکستر ہوگئی۔اس بارے میں ریلوے کے اعلیٰ حکام نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ بجلی شارٹ سرکٹ ہونے کے سبب پینٹاگون نام سے مشہور عمارت میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں ریلوے ایکسچینج کی مشینری کو نقصان پہنچا تاہم آتشزدگی سے ریل گاڑیوں کی آمدورفت متاثر نہیں ہوئیں۔ادھر پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔