راجوری تا راجدھانی | بس سروس شروع کرنے کی مانگ
پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ کے سرحدی گائوں راجدھانی کی عوام نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ضلع ہیڈ کوارٹر راجوری تا راجدھانی گائوں بس سروس دوبارہ سے شروع کی جائے تاکہ سرحدی علا قہ کی عوام کو دوران سفر پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ مکینوں نے کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے مذکورہ علاقہ کی عوام کیلئے ایک بس سروس شروع کی گئی تھی لیکن کچھ عرصہ قبل اس کو بھی بند کر دیا گیا جس کے بعد عوام کو مشکل حالات میں دوران آمد ورفت شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔غور طلب ہے کہ راجوری ہیڈ کوارٹر سے دھار گلی ایک بس سروس چلائی جارہی ہے لیکن اس کے باوجود علاقہ میں عوامی مشکلات کم نہیں ہو رہی ہیں ۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری اور اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ عوامی مشکلات کو ذہن میں رکھتے ہوئے بند کی گئی بس سروس کو دوبارہ سے شروع کیا جائے ۔
پل سے چھلانگ لگا کر خود کشی کی کوشش
راجوری //راجوری کے سندر بنی سب ڈویژن میں ایک 58سالہ خاتون نے بجوال پل سے چھلانگ لگاکر خود کشی کرنے کی کوشش کی تاہم اس کو سندر بنی کے مقامی ہسپتال میں علاج معالجہ کیلئے داخل کر دیا گیا ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق سب ڈویژن کے ٹھنڈا پانی علاقہ میں کیلاش دیوی زوجہ شنکر داس سکنہ بجوال نامی خاتون نے مقامی پل سے چھلانگ لگاکر خود کشی کرنے کی کوشش کی تاہم مقامی لوگوں نے خاتون کوزخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا جہاں پر وہ زیر علاج ہے ۔
عالمی یوم ’تپ دق ‘پر راجوری پونچھ میں تقریبات
سمت بھارگو+حسین محتشم
راجوری+پونچھ //عالمی یوم ’تپ دق ‘کے موقعہ پر سرحدی ضلع راجوری او ر پونچھ میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا ۔راجوری میں لوگوں کو ’تپ دق ‘جیسی مہلوک بیمار ی کے سلسلہ میں بیدار کرنے کیلئے ضلع انتظامیہ نے ڈی سی راجیش شون کی قیادت میں ’تپ دق ‘کا عالمی دن منایا ۔چیف میڈیکل آفیسر کمپلیکس میں اس سلسلہ میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں طلباء ،آشا ورکروں کیاتھ ساتھ محکمہ صحت کے سٹاف ممبران اور آفیسران نے بھی شرکت کی ۔اس دوران مقررین نے مذکورہ دن کی اہمیت کے سلسلہ میں تفصیلی خیالات کا اظہار کیا جبکہ تپ دق کے خاتمے کے لئے شروع کردہ قومی پروگراموں پر بھی روشنی ڈالی گئی ۔اس دوران محکمہ صحت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات اور ملی کامیابی کی بھی تعریف کی گئی ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری نے کہاکہ بیماری کے مکمل خاتمے کیلئے لوگوں کیساتھ رابطہ میں رہنا اشد ضروری ہے جبکہ مرکزی حکو مت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے تحت زیادہ زیادہ لوگوں تک پہنچا جائے ۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں طلباء اور شعبہ کے فیلڈ ملازمین عوام کو بیدار کرنے کیلئے اہم رول ادا کرسکتے ہیں ۔اس موقعہ پر چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر شمیم النسا ء بھٹی ،ڈسٹر کٹ ٹی بی آفیسر ڈاکٹر انور حسین ،ڈسٹر کٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر خالد حسین ودیگران بھی موجود تھے ۔عالمی یوم انسداد تپ دق کے سلسلہ میں ضلع ہسپتال پونچھ کی انتظامیہ کے زیر اہتمام ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میںچیف میڈیکل افسر پونچھ غلام حسین ، میڈیکل سپرناٹینڈنٹ ضلع ہسپتال پونچھ ڈاکٹر مشتاق حسین جعفری ،ہسپتال کے دیگر ڈاکٹروں، عملہ اور ضلع ہسپتال پونچھ کے زیر انتظام چلائے جارہے ادارے کے طلبا و طالبات سمیت مریضوں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مشتاق حسین جعفری اور دیگر مقررین نے کہا کہ ٹی بی قابل علاج مرض ہے اس کی علامات ظاہر ہوں تو حکومت کے قائم کردہ قریبی مرکز صحت یا اس کے خصوصی ہسپتال سے بلغم اور دیگر ٹیسٹ مفت کروائیں اور ٹی بی تشخیص ہونے کی صورت میں بلا ناغہ چھ ماہ تک مفت ادویات حاصل کر کے اپنا علاج یقینی بنایا جا سکتا ہے۔انہوں ے کہا دواکے استعمال میں کوئی تعطل نہ آنے دیں۔انہوں نے کہا کہ مرکزی سرکار کی جانب سے اس مرض کو جڑ سے ختم کئے جانے کے سلسلہ میں بڑی سطح پر کام کیا جا رہا ہے ۔
مفرور پولیس گرفت میں
راجوری //بدھل پولیس سٹیشن کی ایک ٹیم نے حالیہ کئی دنوں سے مفرور ایک شخص کو گرفتار کر کے درج مقدمے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ مذکورہ ملزم پولیس سٹیشن میں درج ایک مقدمے زیر ایف آئی آر نمبر16/2021میں مطلوب تھا لیکن گزشتہ کئی عرصہ سے وہ پولیس کی حراست سے بچنے کی کوشش میں مصروف تھا ۔پولیس کے مطابق ایک خفیہ جانکاری موصول ہونے کے بعد ایس ایچ او کی قیادت میں ایک ٹیم نے مفرور کو گرفتار کرتے ہوئے معاملہ کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہے ۔
ژالہ باری و بارش سے عام زندگی مفلوج | فصلوں کیساتھ ساتھ املاک کو بھی نقصان پہنچا
محمد بشارت
راجوری //خطہ پیر پنچال میں حالیہ کچھ دنوں سے وقفے وقفے سے ہو رہی بارش کی وجہ سے عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے ۔خطہ کے پہاڑی علاقہ میں ہوئی برفباری و میدانی علاقوں میں بارش کے علاوہ گزشتہ روز کئی جگہوں پر شدید نوعیت کی ژالہ باری ہوئی جس کی وجہ سے فصلیں اور میوہ جات بھی متاثر ہوا ہے ۔خطہ کے کئی علاقوں میں سڑکیں زیر آب رہیں جبکہ تھنہ منڈی کے کئی علاقوں میں پسیاں بھی گرآئی ۔تحصیل تھنہ منڈی اور سب ڈویژن کوٹرنکہ میں کئی مقامات پر پانی سپلائی بھی متاثر ہو گئی ہے ۔کوٹرنکہ سب ڈویژن میں گزشتہ روز کئی جگہوں پر شدیدژالہ باری ہوئی جس کی وجہ سے گندم و دیگر فصلیں اور میو جات تباہ ہو گیاہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجور سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ متاثر علا قوں میں محکمہ مال کی ٹیمیں بھیج کر ہوئے نقصان کا تخمینہ لگایا جائے ۔انہوں نے کہاکہ متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ علا قوں میں پانی و بجلی سپلائی بحال کی جاسکے ۔
سرنکوٹ مرزا موڑ۔فضل آباد سڑک کی حالت ابتر
بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سرنکوٹ مرزا موڑ سے فضل آباد جارہی سڑک کی حالت انتہائی خستہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو دوران آمد رفت شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سڑک کی حالت انتہائی خراب ہو گئی ہے لیکن متعلقہ حکام نے اس کی مرمت کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے ان کو دوران آمد ورفت کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرناپڑتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ انتظامیہ کی عدم توجہی کی وجہ سے 2کلو میٹر سڑک بھی کھنڈر بنتی جارہی ہے ۔مقامی یوتھ لیڈر و سماجی کارکن شیزاز ملک نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کئی عرصہ قبل سڑک کے درمیانی حصہ میں دو پاپئیں بچھائی گئیں تھیں لیکن اس کے بعد سڑک کی جانب توجہ ہی نہیں دی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ سڑک ایک بڑے علاقہ کی عوام کیلئے آمد ورفت کا واحد ذریعہ ہے لیکن اس کی حالت ہر گزرتے دن خراب ہوتی جارہی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ کئی مرتبہ اعلیٰ حکام سے رجوع کرنے کے بعد بھی سڑک جوں کی توں ہی ہے ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کی جلدازجلد مرمت کروانے کیلئے محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ ان کی دقتیں کم ہوسکیں ۔
اجوٹ گائوں میں بلاک دیوس منایا گیا
حسین محتشم
پونچھ//ضلع پونچھ کے سرحدی گائوں اجوٹ میں عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ کرنے اور ترقیاتی پروگراموں پر عمل کرنے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے بلاک دیوس کا اہتمام کیا گیا۔ پروگرام میں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندرجیت،ایس ایس پی پونچھ ڈاکٹر ونود کمار، ڈی ڈی سی ممبر چوہدری غنی،بی ڈی سی ممبرجمیل کوہلی،سرپنچوں پنچوں کے علاوہ ضلع افسران بھی موجود تھے، جنہوں نے عوام کو درپیش مسائل سنے اور بعض مسائل کا موقع پر ہی حل کیا گیا ۔اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے افسران کو عوامی مسائل حل کرنے کی تلقین کی تاکہ عوامی مسائل حل ہو سکیں ۔ضلع ترقیاتی کمیشنر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بلاک دیوس منانے کا مقصد جموں و کشمیر میں تعمیر و ترقی کی راہ کو ہموار کرنا اور کم سے کم وقت میں عوام کو درپیش مسائل کا ازالہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہاعوامی حلقوں کی جانب سے پیش کئے گئے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔واضح رہے کہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے ہر ہفتے بدھ کے روز دیہی علاقوں میں عوام کو در پیش مسائل کا جائزہ لینے کے لئے بلاک دیوس کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
مسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ نے طلباء کو رعایت دینے کا اعلان کیا
تھنہ منڈی // پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن ضلع راجوری کے صدر اور اور مسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ،بابا غلام شاہ اکاڈمی تھنہ منڈی کے سرپرست خورشید بسمل نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے نافذ لاک ڈاؤن کے دوران کئی غریب والدین اپنے گھروں تک ہی محدود رہے ہیں جبکہ پیدا شدہ صورتحال کو ذہن میں رکھتے ہوئے نجی اداروں کو سامنے آنا چاہئے ۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں مسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ ادارہ میں زیر تعلیم طلباء کو رعایت دیتے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔موصوف نے کہاکہ ادارہ میں زیر تعلیم طلباء کی لاک ڈائون کے دوران کی فیس میں 50فیصد کمی کی گئی ہے ۔اس کے علاوہ یتیم ،بے سہارہ اور سطح غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والوں کو فیس میں سو فیصد رعایت دی جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ غریب بچوں کو کتابیں اور مفت وردی بھی فراہم کی جائے گی خورشید بسمل نے کہا کہ ادارہ میں زیر تعلیم چار بہن بھائیوں میںسے ایک کو مفت تعلیم جبکہ تین بہن بھائیوں میں سے ایک کو 50فیصد رعایت دی جائے گی ۔اس کے علاوہ امتحانات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو بھی رعایت دی جائے گی ۔انہوں نے نجی اداروں کے مالکان سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ بچوں کی معیاری تعلیم و غریبوں کی فلاح و بہبود کیلئے ترجیح بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں ۔
71دکانداروں کو لائسنس تقسیم
رمیش کیسر
نوشہرہ //اسسٹنٹ کمشنر فوڈ سیفٹی راجوری نے نوشہر ہ میں ایک کیمپ کے دوران مختلف علا قوں کے 71دکانداروںکو لائسنس تقسیم کئے ۔اس سلسلہ میں آفیسر موصوف کی قیادت میں سناتم دھرم سبھا ہال نوشہرہ میں ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں متعلقہ محکمہ کے آفیسران ،ملازمین و معززین کیساتھ ساتھ دکانداروں نے بھی شرکت کی ۔اس پروگرام کے دوران دکانداروں کو موقعہ پر ہی دکانداری کیلئے لائسنس جاری کئے گئے ۔آ فیسر موصوف نے کہاکہ اس سلسلہ میں ہر ماہ نوشہرہ میں ایک کیمپ کا اہتمام کیا جائے گا ۔
سندر بنی حادثے کا زخمی دم توڑ بیٹھا
جاوید اقبال
مینڈھر //رواں ماہ کی 18تاریخ کو سب ڈویژن سندر بنی میں ٹاٹا موبائل گاڑی کے حادثے میں زخمی ہوا شخص زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے میڈیکل کالج جموں میںزندگی کی جنگ ہار گیا ۔لواحقین کے مطابق پون کمار ولد جے لعل سکنہ بشنا 18مارج کو سندر بنی سب ڈویژن کے چنی پراٹ علاقہ میں ایک ٹا ٹا موبائل کو پیش آئے حادثے میں زخمی ہو گیا تھا جس کو علا ج معالجہ معالجہ کیلئے جموں میڈیکل کالج میں بھرتی کیا گیا تھا لیکن 23مارچ کو دوران علاج اس کی موت ہوگئی ۔