حیدرآباد//شراب خانہ کے خلاف تلنگانہ بی جے پی مہیلامورچہ کی جانب سے دھرنادیاگیا۔ ضلع رنگاریڈی کے منی کونڈہ بلدیہ کے حدود کی الکاپور ٹاون شپ کے قریب اس شراب کی دکان کے خلاف دھرنادیاگیاجو حال ہی میں قائم کی گئی ہے۔منی کونڈہ کونسلر سمیت کالونی کی خواتین نے بھی اس احتجاجی دھرنے میں شرکت کرتے ہوئے اس شراب خانہ کو فوری طورپر یہاں سے منتقل کرنے یا پھر بند کرنے کامطالبہ کیا اور اپنے مطالبہ کی حمایت میں نعرے بازی کی۔انہوں نے اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ اس علاقہ میں شام کے وقت ضعیف خواتین چہل قدمی کے لئے جاتی ہیں۔ایسے میں شرابیوں کی جانب سے ان کے طلائی زیور چھینے اور دیگر مختلف جرائم کی وارداتوں کا خدشہ ہے۔اسی لئے اس دکان کو فوری طورپر بند کرنا چاہئے تاکہ کسی بھی قسم کے امکانی جرائم کے واقعات نہ ہونے پائیں اور خواتین میں سلامتی کا احساس پیداہو۔بعد ازاں ان احتجاجیوں نے منی کونڈہ میونسپل کمشنر سے ملاقات کرتے ہوئے بار لائسنس منسوخ کرنے کے لئے نمائندگی بھی کی۔انہوں نے کہا کہ تمام کو پْرامن طورپر رہنے کا حق حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ اس شراب خانہ سے کئی جرائم کی وارادتیں اور کئی مسائل جیسے پارکنگ کا مسئلہ بھی پیش آسکتا ہے اور غیر قانونی سرگرمیاں بھی ہوسکتی ہیں۔