ڈوڈہ //انتظامیہ نے ناجائز تعمیرات کے خلاف ایک مہم کے تحت قصبہ بھدرواہ و ٹھاٹھری میں الگ الگ کاروائی میں درجنوں تعمیرات و غیر قانونی طور پر لگائی گئی ریڑیوں کو ہٹایا ہے۔ اطلاعات کے مطابق بھدرواہ اعلیٰ حکام کی ہدائت پر میونسپل کمیٹی نے تحصیلدار کی قیادت میں ٹیم نے قصبہ میں ناجائز تعمیرات کو مسمار کر کے فٹ پاتھ پر رکھے غیر قانونی طور پر سامان و غلط طریقے سے تعمیر کی گئی نکاسی نظام کو تباہ کیا۔اس دوران انہوں نے قصبہ میں غیر قانونی طور پر لٹکائے گئے بینر بھی ہٹائے گئے۔ ادھر ہفتہ کے روز میونسپل کمیٹی ٹھاٹھری نے عوامی شکایات پر قصبہ کے سب سے بڑے بازار میں لگائی گئی ریڑیوں کو ہٹایا کر ناجائز تعمیرات کو تباہ کیا۔ای او میونسپل کمیٹی طارق محمود، سنٹری انسپکٹر ونود کمار و نائب تحصیلدار نذیر احمد پر مشتمل ٹیم نے 7 ڈھانچوں کو ہٹایا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ای او نے کہا کہ قصبہ میں ناجائز تعمیرات و ریڑی فروشوں کے قبضے سے ٹریفک نظام متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوکاندار فٹ پاتھ پر سامان رکھتے ہیں جو عام راہگیروں کے لئے پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جو بھی شخص غیر قانونی تعمیرات و فٹ پاتھ پر ریڑی لگانے کا مرتکب پایا گیا اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔