نئی دہلی// رنگوں کا تہوار ہولی پیر کے روز مذہبی رسوم و رواج اور پورے جوش و خروش کے ساتھ پرامن طریقے سے منایا گیا۔ بچے ، خواتین اور بزرگ بھی اس تہوار کے موقع پر جشن مناتے ہوئے اور ایک دوسرے کو گلال لگا کر مبارکباد دیتے ہوئے نظر آئے ۔ ہر طرح کے رنگوں سے شرابور بچے تو خاص طور پر خوش دکھائی دیے اور وہ ہر دکھائی دینے شخص پر رنگ اور گلال کی برسات کرتے نظر آئے ۔ اس موقع پر لوگوں نے ایک دوسرے کا منہ میٹھا کر ایا ۔ہولی کے موقع پر گائے جانے والے نغموں کی بھی اس موقع پر خوب دھوم رہی ۔ رنگ برنگے لوگ ناچتے گاتے اور گلی محلے میں گھوم گھوم کر لوگوں کو گلال لگا کر ایک دوسرے کو ہولی کی مبارکباد دیتے نظر آئے ۔ گذشتہ شب ہولی کا دہن کے دوران لوگ بالخصوص خواتین مذہبی رسومات کے ساتھ ہولیکا پوجا اور دیگر رسومات ادا کرتی ہو ئی دیکھی گئیں۔صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند ، وزیر اعظم نریندر مودی اور نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے ہولی کے موقع پر ملک کے باشندوں کو مبارکباد پیش کیں اور سب کی خوشی اور خوشحالی کی دعا کی ۔
صدرجمہوریہ ،نائب صدراور وزیر اعظم کی لوگوں کو مبارکباد
نئی دہلی//صدر رام ناتھ کووند نے ہولی کے موقع پر اہل وطن کو مبارکباد پیش کی۔ کووند نے ٹویٹ کرکے کہا ، "ہولی کے مبارک موقع پر ملک کے تمام باشندوں کو مبارکباد ۔ ہولی ، رنگوں کا تہوار ، سماجی ہم آہنگی کا تہوار ہے اور لوگوں کی زندگی میں خوشی ، جوش اور امید لاتا ہے ۔ میری خواہش ہے کہ جوش و جذبے کا یہ تہوار ہمارے ثقافتی تنوع میں جڑے ہوئے قومی شعور کو مزید تقویت بخشے ۔ادھر نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے رنگوں کے تہوار ہولی کے موقع پرعوام کو مبارکباد دی ہے ۔ایم وینکیا نائیڈو نے آج یہاں جاری ہونے والے ایک پیغام میں کہا کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے پیش نظر اس تہوار کو مکمل احتیاط سے منایا جانا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ "تمام باشندگان وطن کو ہولی کی مبارکباد! رنگوں کا یہ تہوار آپ اور آپ کے اہل و عیال کی زندگیوں میں ہم آہنگی، امن و شانتی، صحت، تعلیم اور خوشحالی لائے "۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کے روز بدی پر نیکی کی جیت کی علامت ہولی تہوار کے موقع پر اہل وطن کو مبارکباد پیش کی۔ نریندر مودی نے ٹویٹ کیا کہ "آپ سب کو ہولی بہت مبارک ہو۔ خوشی و مسرت، جوش و لطف اندوزی کا یہ تہوار ہر شخص کی زندگی میں نیاجوش و جذبہ پیدا کرے "۔