مینڈھر //بلاک پونچھ کی سلوتری پنچایت میں نکالی جارہی ایک سڑک گزشتہ 5برسوں سے مکمل ہی نہیں کی جارہی ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کو دوران آمد ورفت کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ اور ضلع انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ محض 3کلو میٹر سڑک مکمل کرنے کیلئے پانچ برس کا عرصہ لگا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سڑک کی تعمیر کے سلسلہ میں صرف متعلقہ ٹھیکیدار کی جانب سے کٹائی کی گئی ہے جبکہ مزید کام مکمل ہی نہیں کیاجارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کٹائی کی گئی سڑک پر عام لوگوں کا پیدل چلنا بھی مشکل ہے جبکہ بارشوں کے دوران ملحقہ زرعی اراضی و رہائشی گھروں کا شدید نقصان پہنچتا ہے ۔محمد اسحاق اور محمد شبیر نامی مکینوںنے بتایا کہ ٹھیکیدار وں کی جانب سے صرف 31مارچ سے قبل سرکاری خزانے سے بھاری رقم تعمیر کے نام پر نکالی جاتی ہے جبکہ زمینی سطح پر کوئی بھی کام نہیں ہورہا ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ تعمیر کے نام پر خرچ کئے گئے پیسے کی جانچ کی جائے جبکہ پروجیکٹ کو جلدازجلد مکمل کیاجائے تاکہ 4وارڈوں کی عوام کو سہولیات میسر ہو سکیں ۔