مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کی تکیہ کالابن پنچایت میں بجلی نظام انتہائی غیر معیاری ہونے کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔صارفین نے محکمہ بجلی پر الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ ملازمین میں بجلی کی ترسیلی لائنوں کی مرمت اور پختہ کھمبے فراہم کرنے کے بجائے صرف بجلی کے بل تقسیم کرنے کیلئے علاقہ میں آتے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ پنچایت کے محلہ نگالبن بھیران میں بجلی کے پختہ کھمبے فراہم ہی نہیں کئے گئے ہیں جبکہ ترسیلی لائنیں سبز درختوں اور لکڑی کے کھمبوں کیساتھ باندھی گئی ہیں جو کہ جہاں انسانی و حیوانی زندگیوں کیلئے ایک بڑا خطرہ ہے وہائیں بارشوں کے دنوں میں بجلی کی سپلائی بھی متاثر ہو جاتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ سے اس سلسلہ میں کئی بار رجوع کر چکے ہیں لیکن غریب عوام کی مشکلات کو حل ہی نہیں کیا جارہا ہے ۔محمد اشرف ،رمیز خان اور خالد حسین نامی مکینوں نے بتایا کہ مذکورہ محلہ میں دس کے قریب گھر آباد ہیں جن میں سے ایک گھر میں بھی معیاری سپلائی فراہم نہیں کی گئی ہے ۔مکینوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے علاقہ میں بجلی کی معیاری سپلائی کیلئے محکمہ کو متحرک کیا جائے ۔