ماہ رمضان المبارک ان لوگوں کیلئے رحمت ،برکت اور مغفرت کا مہینہ بھی ہے جو اس مہینے میں روزہ رکھتے ہیں۔ یہ وہ عظمت و فضیلت والا مہینہ ہے جس میں اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کی ہدایت کیلئے ان تک اپنے حبیب حضرت محمدؐکے ذریعے قران مجید کو پہنچایا ہے تاکہ بندے گمراہ نہ ہوجائیں ۔جیسا کہ آپ سب کو معلوم ہے کہ رمضان المبارک کے آخری عشرہ کو خلاصی ازنارِ جہنم سے بھی جانا جاتا ہے اور یہ عشرہ نجات حاصل کرنے کیلئے بہترین وقت ہے اور یہ عشرہ بہت ہی اہمیت کا حامل ہے۔ اسی عشرے میں لیلۃ القدر یعنی شب قدر بھی ہے جو ہزار مہینوں سے افضل ہے۔ حدیث میں وارد ہوا ہے کہ شب قدر کو رمضان المبارک کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں تلاشتے رہیں تاکہ آپ سعادتمند لوگوں میں شمار ہوجائیں۔ اسی لیے اس عشرے میں اعتکاف میں بیٹھنے کی بھی تاکید کی گئی ہے کیونکہ رسول اکرم حضرت محمد ؐ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں اعتکاف میں بیٹھتے تھے۔ اسی لیے مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ شب قدر کو پانے کی حد سے زیادہ کوشش کریں کیونکہ اگر کوئی شب قدر کو پانے میں کامیاب ہوگا تو مان لیں کہ اس کو دنیا وآخرت کی سبھی سعادتیں نصیب ہوئیں اور وہ دنیا کا سب سے زیادہ کامیاب ترین انسان سمجھا جائے گا۔
اس سے بڑھ کر اللہ تعالیٰ کے بندے کی خوش نصیبی اور خوش بختی کیا ہوسکتی ہے کہ اس کو اپنا خالق و مالک راضی ہو جائے۔ شب قدر میں جو بھی دعا کی جائے گی قبول ہوگی کیونکہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد گرامی ہے کہ یہ رات سر سے پاؤں(یعنی شام سے صبح تک) سلامتی و خیرو برکت و عافیت کی رات ہے۔ صحیح بخاری کی حدیث نمبر 1884میں حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے روایت نقل ہوئی ہے کہ نبی اکرم ؐرمضان المبارک کے آخری عشرے کو اپنے بستر کو ٹٹول کر عبادت وشب بیداری میں گزارتے تھے یہاں تک کہ اپنے گھر والوں کو بھی جگاتے تھے۔ اسی لئے بندوں کو چاہیے کہ اس عشرے میں اپنے رب کو راضی کرنے میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑیں۔ جو بھی اس عشرے میں ایمان واخلاص کے ساتھ شب بیداری کرے اور اللہ تعالیٰ سے انکساری کے ساتھ توسل کرے تو اس کے پچھلے تمام گناہ معاف کردئے جائیں گے بشرطیکہ وہ آئندہ سے گناہ کرنے سے پرہیز کرے۔ اس لئے ہمیں چاہیے کہ ہم اس بابرکت وباکمال وپْرعظمت مہینے میں اللہ تعالیٰ کی رحمت ونعمت کو پانے کیلئے دن رات عبادت وریاضت میں گزاریں تاکہ ہمارا نام اس بابرکت مہینے میں محرومین کی فہرست میں شامل نہ ہو جائے۔ خدانخواستہ اگر ہم اس مہینے میں بھی اللہ تعالیٰ کی رحمت، نعمت ومغفرت حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوئے تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں نعمت، رحمت و مغفرت سے نہیں نواز سکتی ۔
رابطہ۔خانپورہ، کھاگ بڈگام ،کشمیر
فون نمبر۔7006259067