گاندھی نگر//بحیرہ عرب میں انتہائی شدید طوفان ، ’تاؤ تے‘ گجرات کے ساحل سے ٹکرانے اور بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے کے بعد اس کا زور ٹوٹ رہا ہے ، لیکن خطرہ تاحال برقرار ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک طوفان کی وجہ سے کم از کم تین افراد جن میں ایک بچہ اور ایک خاتون بھی شامل ہیں ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ غیر سرکاری اطلاعات کے مطابق یہ تعداد کم از کم پانچ ہے۔’تاؤتے‘ کے زور کی وجہ سے ساحلی علاقوں میں بڑی تعداد میں درخت ، کچے پکے مکانات اور بجلی کے کھمبے گر چکے ہیں۔ درختوں کے گرنے کے ہزاروں واقعات کی اطلاعات ہیں جس سے ساحلی علاقوں میں سڑک کے ٹریفک شدید متاثر ہوئے ہیں۔ دو ہزار سے زیادہ گاؤں میں بجلی کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔بھاؤ نگر اور گیر سومناتھ اضلاع کے درمیان گجرات کے ساحل سے ٹکرایا تھا۔ اس سے قبل احتیاطی تدابیر کے طور پر 2 لاکھ لوگوں کو 840 ساحلی گاؤں سے 2000 سے زیادہ محفوظ ٹھکانوں میں منتقل کیا گیا تھا۔ ماہی گیروں کی 19 ہزار سے زیادہ کشتیاں سمندر سے واپس بلائی گئیں۔ طوفان سے آم ، کیلے اور دیگر اقسام کی فصلوں کو بھی بری طرح نقصان پہنچا ہے۔ بعض مقامات پر ساحل پر بندھی کشتیوں کے بہہ جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔ 17 اضلاع کے 840 دیہات سے دو لاکھ سے زیادہ افراد کو محفوظ مقامات یعنی دو ہزار سے زیادہ پناہ گاہوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ ان میں سے 1.25 لاکھ ،پانچ اضلاع بھاؤ نگر ، پوربندر ، گیرسومناتھ ، امریلی اور جوناگڑھ کے ہیں۔
بحریہ نے 177 افراد کوبچا لیا
نئی دہلی //یواین آئی//ہندوستانی بحریہ نے منگل کو بتایا ہے کہ بمبئی ہائی آئل فیلڈ کے نزدیک فیری پی 305 سے اب تک 177 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے ۔بحریہ کے ترجمان نے بتایا کہ "بحریہ کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے امداد اور راحت کے تین مہم مکمل کیے گئے ہیں۔ آئی این ایس کوچی اور آئی این ایس کولکتہ ایم وی آف شور انرجی اور ایم وی اہالیہ کے ساتھ انتہائی مشکل حالات میں اپنی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ممبئی :24گھنٹوں میں 230 ملی میٹر بارش
ممبئی// سمندری طوفان’تاؤتے‘‘کی وجہ سے ممبئی میں230 ملی میٹر بارش ہوئی۔موسم کے ایک ماہر نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ مئی میں ریکارڈ کی گئی تاریخ میں یہ 24 گھنٹوں کی سب سے زیادہ بارش ہے۔ محکمہ موسمیات ممبئی)کے مطابق منگل کی صبح ساڑھے آٹھ بجے ختم ہونے والے 24 گھنٹے کے عرصے میں 230.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔تاریخ میں یہ مئی میں ممبئی میں سب سے زیادہ 24 گھنٹوں کی بارش ہے۔