صارفین اپنے راشن گھاٹوں سے راشن حاصل کریں :محکمہ
حسین محتشم
پونچھ//اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری نے صارفین سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے راشن گھاٹوں سے راشن حاصل کریں ۔ایک نوٹیفکیشن کے ذریعہ آفیسر موصوف نے تمام صارفین جن میںپی ایچ ایچ اور اے اے وائی زمرے میں شامل تمام صارفین کو مطلع کیا ہے کہ وہ 05 کلوگرام کے حساب سے کوڈ – 19 ریلیف (PMGKAY) کے تحت مفت راشن حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس کے علاوہ صارفین اپنا ماہانہ کوٹہ معمول کے مطابق مئی 2021 تک اپنے اپنے ڈیلروں سے حاصل کرسکتے ہیں۔انہوں نے مزید ہدایت کی ہے کہ این ایف ایس اے یعنی اے پی ایل کو معمول کے مطابق صرف ایک ماہ کا راشن ملے گا۔ انہوں نے لاک ڈون کے دوران کسی بھی مسئلے کی صورت میں متعلقہ ٹی ایس اوز سے رابطہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ براہ کرم محکمہ کے ساتھ تعاون کریں ، ویکسین کے ٹکے لگائیں، گھر وں میںہی رہیں ، معاشرتی دوری برقرار رکھیں ، ماسک پہنیں ، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اورکوڈ- 19 کی گائیڈ لائن پر مکمل عمل کریں۔
ایکس ای این محکمہ جل شکتی نے پونچھ کا چارج سنبھالا
مختلف پمپنگ سٹیشنوں کا دورہ کر کے لیا جائزہ،ملازمین کو ہدایت جاری کیں
حسین محتشم
پونچھ//محکمہ جل شکتی کے ایکس ای این نے پونچھ میں تعینات ہونے کے بعد مختلف پمپنگ سٹیشنوں کا دورہ کر کے جائزہ لیا اورمتعلقہ افسران اور دیگر ملازموں کو ہدایت کی کہ وہ لاک دون کے دوران گھر گھر پانی پہنچانے کی کوشش کریں۔واضح رہے کہ راجیش سیٹھی نے حال ہی میں پونچھ میں محکمہ جل شکتی(پی ایچ ای) کے ایکس ای این کا چارج سنبھالاہے جس کے بعد پہلی فرصت میں انہوں نے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے لوگوں میں پانی کی تقسیم کاری کا جائزہ لیا۔انہوں نے اس دوران کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کو 19نے ہر شعبہ کو متاثر کر کے رکھا ہے۔انہوں نے کہا لگاتار لاک ڈاون کی وجہ سے لوگ گھروں میں بند ہیں ایسے میں اگر ان کو پانی کی قلت کا بھی سامنا کرنے پڑے تو وہ مزید پریشان ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ کوشش کریں گے کہ اس دوران روزانہ کی سطح پر گھر گھر ضرورت کے مطابق پانی کی سپلائی ہو۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ اگر کہیں پانی کی قلت ہو تو وہ ان سے رابطہ کریں تاکہ ان کو پانی فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے لوگوں سے کوڈ 19کے دوران احتیاط برتنے کی اپیل کی۔
تعمیراتی ورکروں کیلئے ریلیف وگزار
راجوری //کووڈ کے دوران ضلع انتظامیہ راجوری نے تعمیراتی ورکروں کیلئے امدادی رقم جاری کی ۔اس سلسلہ میں ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری راجیش کمار شون نے مزدور طبقہ کیلئے 89.71لاکھ روپے کی امداد جاری کی تاکہ ضلع میں 8861تعمیراتی ورکروں کو سہولیات میسر کی جاسکیں ۔اس موقعہ پر دیگر آفیسران کیساتھ ساتھ اسسٹنٹ لیبر کمشنر بھی موقعہ پر موجود تھے ۔غور طلب ہے کہ جموں وکشمیر لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کی جانب سے حالیہ دنوں میں مزدور طبقہ کی کووڈ میں مالی امداد دینے کا عمل شروع کیا تھا جس کے تحت مختلف اضلاع میں مذکورہ رقم تقسیم کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے اسسٹنٹ لیبر کمشنر کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ ضلع میں تمام تعمیراتی ورکروں کا اندراج کیا جائے تاکہ ان کو ریلیف فراہم کی جاسکے ۔
راجوری میں ہتھ گولہ تباہ کیا گیا
راجوری //راجوری ضلع میں سیکورٹی فورسز نے منگل کے روز ایک ہتھ گولہ بازیاب کر کے تباہ کر دیا ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع کے پنجناڑہ علاقہ میں سیکورٹی فورسزکو مکینوں نے اطلاع فراہم کی کہ گائوں میں ایک دھماکہ خیز چیز برآمد ہوئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پولیس اور فوج کو اطلاع فراہم کرنے کے بعد سیکورٹی فورسز کی ایک ٹیم علاقہ میں پہنچی اور گرینڈ برآمد کر کے اس کو تباہ کر دیا جس کی وجہ سے ایک حادثے کو ٹال دیا گیا ہے ۔
بریری گائوں میں 2ماہ سے پانی سپلائی بند
مقامی لوگ چشموں سے پانی لانے پر مجبور ،محکمہ خاموش
رمیش کیسر
نوشہرہ // سب ڈویژن نوشہرہ کے بریری گائوں میں گزشتہ دو ماہ سے پانی سپلائی بند ہوگئی ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات کاسامنا کرناپڑرہا ہے ۔مکینوں نے محکمہ آب رسانی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ محکمہ کی جانب سے پانی سپلائی بند کر دی گئی ہے جس کی وجہ سے لگ بھگ ایک ہزار کے قریب کنبے پانی کی شدید قلت کی وجہ سے پریشان ہوگئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ سپلائی بحال کرنے کیلئے انہوں نے متعدد مرتبہ اعلیٰ حکام اور محکمہ آب رسانی کے ملازمین سے بھی رابطہ قائم کیا تاہم اس کے باوجود بھی محکمہ کی جانب سے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیاجارہا ہے ۔انہوں نے محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کئی دنوں سے صرف جھوٹی یقین دہانیوں کی وجہ سے ہی عوام کو بیوقوف بنایا جارہا ہے جبکہ علاقہ کے لوگوں بالخصوص خواتین کئی کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کر کے پینے کا صاف پانی لانے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں پینے کے صاف پانی کی بحالی کیلئے متعلقہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں ۔
فورسز نے ملی ٹینٹوں کی کمین گاہ تباہ کی
سمت بھارگو
پونچھ //سرحدی ضلع پونچھ میں سیکورٹی فورسز نے ایک خفیہ اطلاع ملنے کے بعدملی ٹینٹوں کی ایک کمین گاہ تباہ کرتے ہوئے اسلحہ برآمد کرلیا ۔سیکورٹی فورسز نے بتایا کہ سرنکوٹ کے جنگلات میں ملی ٹینٹوں کی جانب سے ایک کمین گاہ میں اسلحہ رکھا گیا تھا ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ایک خفیہ اطلاع موصول ہو ئی جس میں کہا گیا تھا کہ ماڑہ گائوں میں ملی ٹینٹوں نے اسلحہ رکھا ہوا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ دیرہ گلی کے قریب کی گئی کارروائی میں سیکورٹی فورسز نے بھاری مقدارمیں اسلحہ برآمد کرلیا ۔