راجوری //سماج کے مختلف طبقوں کی جانب سے بڑھتی ہوئی مانگ کے بعد جموں وکشمیر انتظامیہ نے مغل شاہراہ پر مریضوں کو آمد ورفت کی اجازت دے دی ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کی جانب سے سرحدی ضلع راجوری اور پونچھ کے مریضوں کو شاہراہ پر چلنے کی اجاز ت دی گئی ہے ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ چار دن قبل لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ایک حکم نامے کے تحت مغل شاہراہ پر سبزیوں او ر میوہ جات کیساتھ ساتھ خانہ بدوش طبقہ کو نقل و حرکت کرنے کی اجازت دی گئی تھی جبکہ اس دوران ضلع ترقیاتی کمشنر کو ہدایت جاری کی گئیں تھی کہ وہ اس سلسلہ میں انتظامات کو حتمی شکل دیں تاہم شاہراہ کو جزوی طورپر کھولنے کے بعد سماج کے لگ بھگ ہرایک طبقہ کی جانب سے مغل شاہراہ پر مریضوں کیلئے مکمل طورپر کھولنے کا مطالبہ کیاجارہا تھا جس کو دیکھتے ہوئے جموں وکشمیر انتظامیہ نے مذکورہ فیصلہ لیا ۔لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کے مطابق راجوری اور پونچھ ضلع کے جن مریضوں کو ڈاکٹروں نے ریفر کیا ہے ان کو شاہراہ پر چلنے کی اجازت ہوگی جبکہ اس سلسلہ میں ڈویژنل کمشنر راور ضلع ترقیاتی کمشنر اقدامات اٹھائیں گے ۔