سوپور //سوپور قصبے میں کووِڈ لاک ڈائون سختی کے ساتھ نافذ ہے اور لوگوں کے تعاون سے قصبے میں تمام دکانیں اور کاروباری ادارے بند ہیں۔قصبے کی سڑکوں پر لوگوں کی قلیل تعداد کو کہیں کہیں دیکھاجاسکتا ہے۔تمام گلیاں،چوراہے اور کوچے ویران نظر آرہے ہیں۔نہ صرف قصبہ سوپور بلکہ دیگرعلاقوں جن میں رفیع آباد،زینہ گیر،سنگرامہ،کریری اور دیگر علاقے شامل ہیں،بھی مکمل طور بند ہیں۔ضلع انتظامیہ وپولیس نے لوگوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ کورونالاک دائون کی کسی طور خلاف ورزی نہ کریں،نہیں تو ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔سوپور قصبے میں جمعہ کو پولیس نے گشت میں اضافہ کیااور قصبے کے کئی اہم چوکوں اور چوراہوں پر ناکے لگائے۔اس دوران حال ہی میں قصبے کے مائیکروکنٹینمنٹ زون قرار دیئے گئے علاقوں میں پولیس کے اشتراک سے طبی ٹیم نے گھر گھر جاکرلوگوں کی کووِڈ جانچ کی اورساتھ ہی مقامی لوگوں کو گھروں میں ہی رہنے کی تاکید کی۔ ان علاقوں میں نیوکالونی،عشہ پیر،سیلو،گنڈ ،براٹھ شامل ہیں۔