لندن، 27 مئی (یواین آئی) انگلینڈ کے تجربہ کار تیزگیندباز جوفرا آرچر نے دائیں ہاتھ کی کہنی کی سرجری کے بعد کہا ہے کہ وہ کرکٹ میں واپسی کرنے میں جلد بازی نہیں کریں گے ، کیونکہ وہ آئندہ ٹی 20 ورلڈ کپ اور ایشز کھیلنا چاہتے ہیں۔ .انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے بدھ کے روز آرچر کی کہنی کی کامیاب سرجری کی تصدیق کی ہے ۔ آرچر اب ای سی بی اور سسیکس کی میڈیکل ٹیموں کی نگرانی میں تقریباً چار ہفتوں تک ری ہیبلی ٹیشن میں رہیں گے ۔ 26 سالہ آرچر سال کے شروع میں ہندوستان کے دورے سے ہی اپنی فٹنس کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ آرچر نے ڈیلی میل کے لئے اپنے کالم میں لکھا ، "میرا مقصد ٹی 20 ورلڈ کپ اور ایشز کھیلنا ہے ۔ اگر میں پہلے واپس آکر ہندوستان کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کھیلوں تو اچھا ہے ۔ اگر ایسا نہیں ہوتا ہے ، تو میں گرمیوں کے موسم میں باہر بیٹھنے کے لئے پوری طرح تیار ہوں۔ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں واپسی میں جلدبازی نہیں کروں گا ، کیونکہ میری پہلی ترجیح اس سال کے آخر میں انگلینڈ کے لئے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اور ایشیز کھیلنا ہے ۔ " آرچر نے سرجری کے بارے میں کہا ، "سرجری ہمیشہ آخری آپشن تھا اور ہم ایسا کرنے سے پہلے ہر ممکن متبادل کو دیکھ رہے تھے ۔ یہ آخری راستہ تھا۔ چار ہفتوں میں ہم جان لیں گے کہ صورتحال کیا ہے ۔ مجھے یقین ہے کہ سب کچھ اچھا ہوگا ، حالانکہ ضرورت پڑنے پر ایک اور سرجری ہوسکتی ہے ۔ 26 سال کی عمر میں ابھی بھی بہت نوجوان ہوں۔ میں ابھی ری ہیبلی ٹیشن چاہتا ہوں۔ میں انگلینڈ کے لئے تینوں فارمیٹ کھیلنے اور بڑی سیریز جیتنے کے لئے پرعزم ہوں ، لیکن مجھے ایک طویل عرصہ ہوچکا ہے جب میں نے بغیر کسی درد کے گیندبازی کی ہو۔ " آرچر چار اگست کو ہندوستان کے خلاف پہلے ٹسٹ میں میدان پر اتریں گے یا نہیں اس پر فیصلہ کرنے سے پہلے ای سی بی ان کی گیندبازی فٹ نیس کو دیکھے گا۔ یواین آئی۔ م س