حاجن //حاجن سوناواری کے علاقہ پاری بل میں نکاسی آب کا خاطر خواہ انتظام نہ ہونے کے سبب پورے علاقے میںلوگوں کو مشکلات درپیش ہیں ۔مقامی لوگوںکا الزام ہے کہ سیاسی جماعتوں نے چند ترقیاتی کاموں کا ڈھنڈورہ پیٹنے کے علاوہ اہلیان پاری بل کے لیے کوئی بھی ترقیاتی منصوبہ مکمل نہیں کیا جاسکا۔آج تک پاری بل کے اندرونی گلی کو چوں اور نکاسی اب کے نام پر لاکھوں روپے خر چ کئے گئے لیکن زمینی سطح پر کوئی ترقی نظر نہیں آ رہی ہے۔علاقہ بھر میں صفائی کی ابتر صورتحال اور نکاسی آب کے ناقص نظام نے اُن کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ پورے علاقے میں گندگی کے ڈھیر جمع ہونے سے مختلف بیماریاں پھوٹنے کا خدشہ بھی لاحق ہے۔مقامی آبادی کے مطابق جہاں اس وقت حکومت کی جانب سے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کی تلقین کی جا رہی ہے وہیںانتظامیہ خود صفائی کے حوالے سے سنجیدہ نہیں ہے۔پرنگ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں جمع پانی کے سبب رہائشی مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق بارشوں کے بعد اکثر و بیشتر علاقے میں پانی جمع ہو جاتا ہے جس کے نتیجے میں عبور و مرور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ کئی بار ضلع انتظامیہ سے رابطہ کیا گیاتاہم کوئی سدباب نہیں کیا گیا۔ لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے اس مسئلے کا ازالہ کرنے کی اپیل کی ہے۔