سرینگر // وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں واقع اومپورہ ہاؤسنگ کالونی میں رہائش پذیر چار سال کی بچی کی لاش ، جس کو جمعرات کی شام تیندوے نے حملہ کر کے ہلاک کیا، قریبی ایک نرسری میں پائی گئی۔ضلع انتظامیہ لواحقین کے حق میں معاضے کا اعلان کیا جبکہ رینج آفیسر بڈگام کو معطل کردیا گیا ہے۔ادا شکیل نامی 4سالہ بچی کو جمعرات کی شام اس وقت تیندوے نے اپنے ساتھ گھیسٹ کر لیا جب معصوم بچی اپنے صحن میں کھیل رہی تھی۔واقعہ کے فوراً بعد مقامی لوگوں، پولیس ، وائلڈ لائف ٹیموں اور فوج نے بچی کا سراغ لگانے کے لئے سرچ آپریشن شروع کیا ۔ بچی کی لاش جمعہ کی صبح قریبی جنگل کی ایک نرسری میںپایا گیا۔ضلع انتظامیہ نے تیندوے کے حملے سے متاثرہ افراد کے اہل خانہ کو معاوضے کی منظوری دے دی۔ضلع انتظامیہ نے فرائض میں کوتاہی برتنے پر رینج آفیسر اومپورہ بڈگاسہیل قاضی کی معطلی کے احکامات بھی صادر کئے۔انتظامیہ نے مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بعد تیندوے کو ہلاک یا قابو کرنے کی ہدایات بھی دیں۔ایک سرکاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس پس منظر میں ، ڈی سی بڈگام کی زیرصدارت ایس ایس پی بڈگام ، ڈی ایف او بڈگام اور وائلڈ لائف وارڈن بڈگام سمیت متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ ایک میٹنگ ہوئی جس میں حفاظتی اقدامات اور مستقبل میں انسانوں اور جنگلی جانوروںکے تصادم کے ایسے واقعات میں جانی نقصان سے بچنے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا ۔