سوپور//پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے سوپورمیں پولیس حکام کی ایک میٹنگ میں بارہ مولہ اور سوپور پولیس اضلاع میں حفاظتی صورتحال اور کووِڈ رہنماخطوط کی عمل آوری کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ان کے ہمراہ کشمیر صوبے کے انسپکٹر جنرل وجے کمار بھی تھے۔سوپور پہنچنے پر ان کا استقبال شمالی کشمیر کے ڈی آئی جی اور سوپور اور بارہ مولہ پولیس اضلاع کے ایس ایس پیز نے کیا۔میٹنگ کے دوران پولیس سربراہ نے جموں کشمیر پولیس کے رول کوسراہااور کہا کہ کووِڈ کی دوسری لہر کا مقابلہ کرنے کیلئے پولیس نے جو کام کیا ہے وہ قابل تعریف ہے۔انہوں نے کہا کہ دیگر حفاظتی اداروں کے ساتھ تال میل کوبرقراررکھتے ہوئے پولیس نے کووِڈ کی دوسری لہر کا مقابلہ کرنے کیلئے انتھک کام کیا۔انہوں نے لوگوں کو مددفراہم کرنے کیلئے پولیس کے کام کی سراہنا کی۔انہوں نے حکا م پر زوردیا کہ وہ حفاظتی صورتحال کو مزید مضبوط بنائیں کیوں کہ پاکستان آسان اہداف کو نشانہ بنانے کیلئے موقعہ کی تلاش میں ہے۔انہوں نے کہا کہ کامیاب جنگجو مخالف آپریشنوں سے صورتحال بہتر ہوئی ہے ۔پولیس سربراہ نے قوم دشمن عناصر پر کڑی نگاہ رکھنے کی پولیس حکام کو تاکید کی اور کہا کہ ایسے عناصر کو قانون کے شکنجے میں لایا جانا چاہیے۔