سرینگر// نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر و اسمبلی کے سابق سپیکر مبارک گل نے منشیات کے استعمال کے پھیلائو خصوصاً لاک ڈائون کے دوران نوجوانوں میں تشویشناک حد تک اس وباء میں مبتلا ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوںنے حکومت پر زور دیا کہ تشہیر بازی اور زبانی جمع خرچ سے آگے بڑھ کر نئی نسل کو بچانے کیلئے ٹھوس اور کارگر اقدامات کئے جائیں۔ مبارک گُل نے بیان میں کہاکہ منشیات کے استعمال کی روک تھام کیلئے سب کو اپنا اپنا رول نبھانا ہوگا۔ مبارک گل نے کہاکہ حکومتی سطح پر اگر چہ منشیات کی فصلوں کو تباہ کرنے اور منشیات کا استعمال یا خرید و فروخت کرنے والوں کی گرفتاریاں عمل میں لانے جیسے اقدامات دیکھنے کو ملتے ہیں لیکن یہ اقدامات محض تصویر بازی تک ہی محدود ہوتے ہیں کیونکہ ایسی کارروائیوں سے زمینی سطح پر منشیات کے استعمال اور کاروبار میں کوئی بھی کمی نہیں آرہی ہے بلکہ یہ وباء ہر گزرتے دن کے ساتھ پھیلتی ہی جارہی ہے۔ مبارک گل نے کہاکہ ہر سال شاہرائوں کے نزدیک منشیات کی کاشت کو تباہ کرنے کی تصویریں ذرائع ابلاغ میں دکھائی دیتی ہیں لیکن اندرونی علاقوں میں ہزاروں کنال اراضی پر پوست (خشخاش)، بھنگ اور دیگر ممنوعہ فصلوں کی کاشت بلا روک ٹوک جاری رہتی ہے۔ انہوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ نئی نسل کو اس تباہی سے بچانے کیلئے ٹھوس اور کارگر اقدامات کئے جائیں اور اس کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں جو ہر روز منشیات کے دھندہ کرنے والوں ، پارکوں، قبرستانوں، کھنڈرات اور دیگر مقامات پر روزانہ بنیادوں پر چھاپہ مار کارروائیاں شروع کریں اور ساتھ ہی ایسی جگہوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں۔ مبارک گل نے انتظامیہ پر زور دیا کہ کورونا وائرس کیخلاف لڑائی منشیات کیخلاف جنگ میں آڑے نہیں آنی چاہئے اور ایسے تمام نیٹ ورکروں کا پردہ فاش کیا جانا چاہئے جو جموں وکشمیر کی نئی نسل کو منشیات کا عادی بنانے کا کام کررہی ہیں۔انہوں نے والدین پر بھی زور دیا کہ اپنے بچوں کو اس منشیات کی لعنت میں مبتلا ہونے سے روکنے کیلئے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔