راجوری //راجوری ضلع میں حدمتارکہ کے قریبی علاقوں میں کسانوں نے لگ بھگ دہائیوں کے بعد بغیر خوف اپنی زمینوں مین مکئی کی فصل کی بوائی کا عمل شروع کیا ہے ۔نوشہرہ سب ڈویژن کے کلال علاقہ میں رمیش چوہدری گزشتہ برس فائرنگ کے خو ف میں زمین میں فصلوں کی بوائی کررہے تھے تاہم رواں برس کئی دہائیوں کے بعد وہ بغیر کسی ڈر اور خوف کے مکئی کی بوائی کی ہے ۔اس علاقہ کے کسانوں نے بتایا کہ حدمتارکہ پر دونوں ممالک کے مابین حالات خراب ہونے کی وجہ سے ان کی زمینیں بنجر ہوگئی تھی ۔انہوں نے بتایا کہ حالات ساز گار ہونے کے دوران وہ اپنی زمینوں میں فصلیں اگایا کرتے تھے تاہم تار بندی اور صفر لائن کے درمیان کئی کنال زمینیں کسانوں نے چھوڑ چھوڑ دی تھی ۔انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل ہمیشہ ہی کسانوں نے فائرنگ کے دوران اپنی جانیں جوکھم میں ڈال کر فصلوں کی بوائی کی ہے تاہم کئی برسوں کے بعد پہلی مرتبہ سیز فارئر نگ کے دوران انہوں نے بغیر کسی خوف کے مکئی کی بوائی کی ہے ۔رمیش چوہدری نے بتایا کہ 26فروری کے بعد مذکورہ سرحدی علاقہ میں حالات پُر امن ہیں ۔رمیش کیسر ،کلدیپ چوہدری و دیگرمکینوں نے بتایا کہ سرحدوں پر حالات مکمل طورپر پُر امن ہیں جبکہ 26فروری کے بعد ابھی تک کوئی بھی فائرنگ کا واقعہ پیش نہیں آیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ نوشہرہ کے درجنوں دیہات فائرنگ زون میں ہیں جہاں پر حالات خراب ہونے کے دوران عام لوگوں کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا ۔