پلوامہ+اننت ناگ //جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں 3 نوجوانوں پر پبلک سیفٹی ایکٹ عائد کر کے انہیں کوٹ بھلوال جیل جموں منتقل کردیا گیا ہے۔ادھر قاضی گنڈ میں ایک ٹپرمیں سوار پلوامہ کے دو نوجوانوں کو گرفتار کر کے انکی تحویل سے اسلحہ کی بر آمدگی کا دعویٰ کیا گیا ہے۔پتھرائو کے الزام میں جو نوجوان گرفتار کئے گئے انکی شناخت سمیر مشتاق لون ولد مشتاق احمد لون ساکن کاکا پورہ پلوامہ مدثر احمد لون ولد نور محمد لون ساکن کاکا پورہ پلوامہ اور سمیر احمد لون ولد بشیر احمد لون ساکن لیلہار پلوامہ کے بطور ہوئی ہے۔تینوں نوجوانوں کو پہلے ہی گرفتار کیا گیا تھا اور اب 2جون کو ان پر سیفٹی ایکٹ کا اطلاق عمل میں لایا گیا ہے اور انہیں جمعہ کے روز کوٹ بھلوال جیل منتقل کردیا گیا ۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پولیس نے رواں سال 3 اپریل کو پولیس ، آرمی اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیم پر مسلح جھڑپ کے دوران "پتھر پھینکنے" میں ملوث ہونے کے الزام میں 10 افراد کو گرفتار کیا ۔ادھر سنیچر کو لور منڈا قاضی گنڈ میں پولیس نے ناکہ لگایا تھا جس کے دوران وہاں سے ایک ڈمپر(ٹپر) زیر نمبر JK02BB/0949 کا گذار ہوا ،جسے روکا گیا اور اس میں سوار دو افراد کی حرکات مشتبہ دکھائی دی۔موقعہ پر ہی انکی پوچھ تاچھ کی گئی جو جنگجوئوں کے اعانت کار ثابت ہوئے اور انکی شناخت زاہد نبی ولد غلام نبی ڈار ساکن سانبورہ پلوامہ اور معراج الدین ولد علی محمد ڈار ساکن سانبورہ کے بطور ہوئی اور ٹپر کی تلاشی کے دوران 2اے کے 56رائفلیں، انکے 8میگزین، 10ایم ایم پستول،18ہستول میگزین 90 mرائونڈس، اور9گرینیڈ بر آمد کئے گئے۔دونوں کو حراست میں لیکر انکی مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔