سرینگر//بی وی آر سبھرامنیم نے جموں و کشمیر کے چیف سیکرٹری کے دفتر کا چارج ڈاکٹر ارون کمار مہتا کے سپرد کیا۔ڈاکٹر ارون کمار مہتا 1988بیچ کے اے جی ایم یو ٹی کیڈ ر کے آئی اے ایس آفیسر ہیں اور جموں وکشمیر اور مرکزی حکومت دونوں میں ان کا اِنتظامی تجربہ ہے ۔ اِس سے قبل وہ حکومت جموںوکشمیر میںفائنانشل کمشنر محکمہ خزانہ ، پرنسپل سیکرٹری پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور کمشنر سیکرٹری اِنفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی حیثیت سے اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں ۔ اُنہوں نے 2015ء سے 2019 کے درمیان ایڈیشنل سیکرٹری ماحولیات و جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی اور جوائنٹ سیکرٹری شہری ترقی 2008ء سے 2012ء کے درمیان مرکزی حکومت میں بھی خدمات انجام دی ہیں۔1987 ء بیچ کے چھتیس گڈھ کیڈر آفیسر بی وی آر سبھرامنیم جموں و کشمیر کے چیف سیکرٹری کی حیثیت سے تقریباً تین برس خدمات انجام دینے کے بعد سپیشل ڈیوٹی محکمہ کامرس کے طور پر مرکزی حکومت میں کام کریں گے۔وہ 30 جون 2021 ء کو مرکزی حکومت میںتجارت کے سیکرٹری کا عہدہ سنبھالیں گے۔