کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ کے بدھل علاقہ سے گھبر جانے والی سڑک کی انتہائی خراب حالت کی وجہ سے جہاں مقامی لوگوں و ٹرانسپورٹروں کو مشکلات درپیش ہیں وہائیں بارشوں کے دوران سڑک کا پانی اب لوگوں کے گھروں میں بھی داخل ہونا شروع ہو گیا ہے ۔مکینوں نے متعلقہ محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ بدھل سے گھبر 8کلو میٹر سڑک اب ان کیلئے وبال جان بنتی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سڑک پر نالیاں اور کلوٹ نہ ہونے کی وجہ سے بارشوں کا پانی ان کے گھروں میں داخل ہو تاجارہا ہے جبکہ زراعی اراضی بھی اس پانی کی زد میں آکر خراب ہو گئی ہے ۔طالب حسین اور نظیرحسین نامی مکینوں نے متعلقہ محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سڑک کی تعمیر کے دوران نالیوں کا کوئی بندوبست ہی نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے ان کا نقصان ہورہا ہے ۔مکینوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ محکمہ نے کاغذی ریکارڈ میں 40فیصد سے زائد پلیاں مکمل درج کی ہوئی ہیں تاہم زمینی سطح پر حالات اس کے بر عکس ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کی تعمیر کے سلسلہ میںجانچ کی جائے اور نظام کو درست کیا جائے تاکہ عام لوگوں کے نقصان کو بچایا جاسکے ۔