منجا کوٹ //تحصیل منجاکوٹ کے سرحدی علاقہ کی پنچایت ا±پر راجدھانی میں کھوڑی ناڑ میں محکمہ صحت کا سب سینٹر پچھلے دو سالوں سے بند پڑا ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو معمولی ادویات کےلئے بھی دیگر ہسپتالوں میں دربدر ہونا پڑرہا ہے جبکہ متعلقہ محکمہ اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے عوام کو سہولیت فراہم کرنے کےلئے کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے جارہے ہیں ۔مکینوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سرحدی علاقہ میں مذکورہ سب سنٹر کو ایک کرائے کی عمارت میں رکھا گیا تھا جو کہ گزشتہ دو برسوں سے بند پڑا ہواہے ۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں متعلقہ حکام سے بھی رابطہ قائم کیا گیا لیکن ابھی تک اس سنٹر کو کھولنے اور مریضوں کو علاقہ میں ہی سہولیات فراہم کرنے کےلئے کوئی بھی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔مکینوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سرحدی علاقہ میں قائم کر دہ سب سنٹروں کو جلدازجلد کھول کر عوام کو سہولیات فراہم کی جائیں ۔متعلقہ حکام نے بتایا کہ سب سنٹر قائم ہو نے کےساتھ ہی ایک ملازم کو تعینات کیا گیا تھا لیکن اس کے جانے کے بعد سے سنٹر میں کوئی ملازم ہی نہیں ہے جس کی وجہ سے بند پڑا ہوا ہے ۔