گاڑی چوروں کے گروپ کا پردہ فاش
پونچھ میں پولیس نے 5موٹر سائیکل باز یاب کروالئے
پونچھ //جموں وکشمیر پولیس نے سرحدی ضلع پونچھ میں ایک کارروائی کے دوران گاڑیاں چوری کرنے والے ایک گروپ کا پردہ فاش کرتے ہوئے چوری ہوئی 5مو ٹر سائیکلیں برآمد کرلی تاہم اس گینگ میں شامل دیگر افراد کو گرفتار کرنے کےلئے مہم شروع کر دی گئی ہے ۔ایس ایس پی پونچھ ڈاکٹر ونود کمار نے بتایا کہ گزشتہ ہفتوں گاڑیاں چوری ہونے کے سلسلہ میں کچھ شکایات موصول ہوئی تھیں تاہم پولیس نے اس سلسلہ میں کارروائی شروع کی ۔انہوںنے بتایا کہ ایس ایچ او پونچھ کی قیادت میں پولیس ٹیموں نے تحقیقات کے دوران کچھ مشتبہ افراد سے تحقیقات کیں ۔ان میں سے ایک شخص جس کی شناخت محمد کبیر ولد جلال دین سکنہ قصبہ کے طورپر ہوئی ہے وہ تفتیش کے دوران اپنے بیانات متعدد مرتبہ تبدیل کررہا تھا تاہم پولیس نے مزید تحقیقات کے دوران اس کی نشاندہی پر 5موٹر سائیکلیں برآمد کرلی۔انہوں نے بتایا کہ ملزم کی جانب سے دی گئی نشاندہی کے تحت دیگر ملزمان کی گرفتاری کےلئے پولیس کی جانب سے کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔
زونل ایجوکیشن آفیسر کی تعیناتی کا مطالبہ
راجوری //جموں وکشمیر ٹیچر جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ٹیچروں و دیگر ملازمین کی مشکلات کو حل کرنے کےلئے منجا کوٹ زون میں زونل ایجوکیشن آفیسر کی تعیناتی عمل میں لائی جائے ۔یہاں جاری ایک بیان میں کمیٹی کے چیئر مین نے کہاکہ زون میں ٹیچروں کےلئے کئی مسائل پیدا ہو گئے ہیں تاہم انتظامیہ کا چاہئے کہ وہ ان معاملات کو حل کرنے کےلئے مذکورہ آفیسران کی تعیناتی کا کوئی بندوبست کرئے ۔کمیٹی کے ضلع صدر منظور خان نے بتایا کہ تحصیل میں تعیناتی آفیسر موصوف 31مئی 2021کو سبکدوش ہو ئے گئے ہیں جس کے بعد مذکورہ کرسی خالی پڑی ہوئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ آفیسر کی ڈی ڈی او پاور منتقل کرنے کےلئے انتظامیہ کو بر وقت آگا ہ کیا گیا تھا لیکن ابھی تک مذکورہ پاور متبادل آفیسر کو سونپی نہیں جاسکی جس کی وجہ سے 600سے زائد ملازمین کی تنخواہیں نہیں نکل پارہی ہیں ۔ملازمین اور ایکشن کمیٹی اراکین نے حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ آفیسر کی ڈی ڈی او پاور پرنسپل ہائر سکینڈری سکول منجا کوٹ کو دی جائیں تاکہ محکمہ کا کام معیاری ڈھنگ سے چل سکے ۔
عارضی ملازمین کےساتھ انصاف کرنے کی اپیل
محمد بشارت
کوٹرنکہ //بلاک ڈیو لپمنٹ کونسل چیئر مین کوٹرنکہ جاوید اقبال چوہدری نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مختلف محکموں میں عارضی بنیادوں پر اپنی خدمات انجام دینے والے ملازمین کےساتھ انصاف کیا جائے ۔انہوں نے جاری ایک بیان میںکہاکہ محکمہ آب رسانی میں عارضی بنیادوں پر اپنی خدمات انجام دے رہے ملازمین کی ایک بڑی تعداد عوام کو مشکل وقت میں بھی معیاری سہولیات فراہم کررہی ہے تاہم مذکورہ عارضی ملازمین کی مانگوں کو ایک لمبے عرصہ سے پورا نہیں کیاجارہا ہے ۔محکمہ میں تعینات نوجوانوں کے مستقبل کےلئے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے موصوف نے کہاکہ کئی ایک ملازمین ایسے بھی ہیں جنہوں نے نوکریوں کی اہلیت کے اعتبار سے قائم کر دہ عمر کی حدیں پار کر لی ہیں ۔موصوف نے بتایا کہ کوٹرنکہ بلاک میں 707عارضی ملازمین میں سے 250ایسے ہیں جن کو نہ تو تنخواہ دی گئی ہے اور نہ ہی انتظامیہ کی جانب سے ان کے بارے میں کوئی بات کی جارہی ہے ۔انہوں نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کے ساتھ ساتھ دیگر اعلیٰ آفیسران نے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ عارضی ملازمین کو انصاف فراہم کیا جائے تاکہ ان کی دقتیں کم ہو سکیں ۔
مرہوٹ میں بجلی کا نظام درہم برہم
مقامی لوگوں پریشان ،محکمہ ٹس سے مس نہیں
بختیار حسین
سرنکوٹ// سرنکوٹ کے گاﺅں مڑہوٹ میں بجلی نظام مفلوج ہونے کی وجہ سے مکینوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے تاہم متعلقہ محکمہ خاموش تماشائی بناہوا ہے ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ مرہوٹ کی پنچایت اپرکے وارڈ نمبر ایک اور تین میں بجلی کی تاریں سبزدرختوں اور لکڑی کے کھمبوں کےساتھ باندھی گئی ہیں جو مکینوں کےلئے ایک بڑا خطرہ بن چکی ہیں ۔انہوں نے محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ حالیہ کئی برسوں سے مذکورہ علاقوں میں بجلی کے پختہ کھمبے ہی نہیں لگائے گئے ہیں جبکہ اب لکڑی کے کھمبے بھی بوسیدہ ہو چکے ہیں جبکہ سبز درختوں کےساتھ باندھی گئی تاریں جانداروں کےلئے ایک بڑا خطر ہ بن چکی ہیں ۔لوگوں نے ضلع انتظامیہ و متعلقہ شعبہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ اس جدید دور میں بھی لوگوں کو بجلی کی معیاری سپلائی ہی فراہم نہیں کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ کے ملازمین لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے کے بجائے صرف بجلی کے بل ارسال کرنے تک محدود ہو چکے ہیں ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوے کہاکہ مرہوٹ پنچایت میں بجلی کے پختہ کھمبوں کی فراہمی کےساتھ ساتھ دیگر سہولیات فراہم کی جائیں ۔