پونچھ//ڈائریکٹر محکمہ باغبانی اور پلاننگ نے سرحدی ضلع پونچھ کا دورہ کرتے ہوئے ضلع میں شعبہ کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔موصوف نے د±رونگلی نالہ پل کے قریب واقع کسانوں کی منڈی (مارکیٹ) کا جائزہ لے کر انجینئروں کو ہدایت کی کہ وہ 31 اگست تک اس مارکیٹ کو فعال بنانے کے لئے پہلے مرحلے کو مکمل کریں۔ بعد از آں انہوں نے کئی کسانوں ،کاروباریوں اور سول سوسائٹی کے کارکنوں کے وفود سے بھی ملاقات کی۔ غیر سرکاری تنظیم ناوا فاﺅنڈیشن پونچھ کے مشیر اجیت ورما،چیئرمین سنجیو شرما،صدر ایڈوکیٹ نوجوت شرما نے ڈائریکٹر ویشیش مہاجن (کے اے ایس) سے ملاقات کرکے انھیں پونچھ قصبہ میں ایک چھوٹی سی کاشت کار مارکیٹ اور پونچھ سے جموں و کشمیر کے بازاروں تک پھلوں اور سبزیوں کی نقل و حمل کے لئے کولڈ اسٹوریج وین کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ ڈائریکٹر نے کہا کہ وہ مطالبات پر غور کریں گے اور پونچھ کے کسانوں اور لوگوں کی خواہشات کو پورا کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔ انہوں نے نوجوانوں کو بھی کیریئر کے طور پر ایگری پریشورشپ لینے کی ترغیب دی۔انہوں نے کہا پونچھ میں سیب اور اخروٹ پیدا کرنے کے لئے بہترین زمین ہے اس کو مرکز میں تبدیل کرنے کے لئے نوجوانوں کو اپنی صلاحیت بروئے کار لانی چاہئے۔ انہوں نے محکمہ کے عملے کو بھی ہدایت کی کہ وہ کسانوں کے مسائل حل کرنے اور مصنوعات کی مارکیٹنگ میں مدد فراہم کریں۔