عرس مبارک حضرت شاہ فریدالدین بغدادیؒ
جمعیت ہمدانیہ اور این سی کی عوام کومبارکباد
سرینگر//برصغیر کے بلند پائے ولی کامل حضرت شاہ محمد فرید الدین بغدادیؒ (کشتواڑ) کے سالانہ عرس مبارک پر جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے مسلمانانِ ریاست کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تبلیغ دین کرکے خطہ چناب اور پیرپنچال میں اسلام کا نور پھیلایا اور انسانیت کے اصولوں خصوصاً علم قرآن اور علم حدیث سے مسلمانوں کو منور کیا۔ نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے حضرت شاہ محمد فریدبغدادیؒ کے سالانہ عرس پر عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزرگان دین اور اولیاء کرام نے اسلام کی جو آبیاری کی وہ تاقیامت مشعل راہ ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ حضرت شاہ فریدبغدادیؒنے جو ملی خدمات انجام دیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اِن کے طفیل ریاست میں امن وامان کی مکمل بحالی ہو اور کورونا وائرس کی صورت میں دنیا کو درپیش زبردست چیلنج سے نجات دے۔ درایں اثنا سینئر لیڈران عبدالرحیم راتھر،آغا روح اللہ، خالد نجیب سہروردی اور سجاد احمد کچلو نے بھی لوگوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔
کشمیر عظمیٰ کے نامہ نگارسید اعجاز کو شادی خانہ آبادی پر مبارکباد
سرینگر// کشمیرعظمیٰ کے ترال کے نامہ نگار سید اعجاز رشتۂ ازدواج میں بند ھ گئے ۔اس سلسلے میں اُن کے دولت خانہ واقع ناگہ بل ترال میں ایک مختصر تقریب منعقد ہوئی جس میں صحافتی برادری سے وابستہ کئی افرادنے شرکت کی۔کشمیرعظمیٰ کے عملہ ادارت نے نوبیاہتا جوڑے کو مبارکبادپیش کرتے ہوئے دعا کی کہ ان کی ازدواجی زندگی خوشیوں سے بھر جائے۔ شاہ ہمدان جرنلسٹ ایسو سی ایشن ترال کے اراکین اور سٹار میڈیا نیوز ایجنسی ترال کے فاروق احمد نے سید اعجاز کو دل کی عمیق گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔
منشیات مخالف مہم
اننت ناگ میں دو افراد گرفتار ،57کلو فکی ضبط
سرینگر// پولیس نے منشیات مخالف مہم کے دوران سوموار کو دو افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں منشیات ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ پولیس نے سرینگر جموں شاہراہ پر واگہامہ بجبہاڑہ کے قریب ناکہ کے دوران ایک گاڑی زیر نمبر JK03A-3234کو روکا جسے مظفر احمد داس نامی شخص چلارہا تھا ۔گاڑی سے تلاشی کے دوران 57کلو فکی برآمد ہوئی ۔ گاڑی میں سوار دوسرے شخص فیاض احمد بٹ کو فوری طور پر حراست میں لیا گیا ۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 183/2021درج کرکے معاملے کی چھان بین شروع کردی گئی ۔پویس کا کہنا ہے کہ انہیں اس سلسلے میں پہلے ہی جانکاری ملی تھی ۔ گرفتارکئے گئے افراد کی تفتیش شروع کردی گئی ہے اور مزید افراد کے بارے میں انکشاف ہونے کا امکان ہے ۔
تازین مختار کی جوائنٹ ڈائریکٹر انڈسٹریز اینڈ کامرس کی تقرری
چیمبر آف انڈسٹریز کا خیر مقدم
سرینگر//فیڈریشن چیمبر آف انڈسٹریز کشمیر (ایف سی آئی کے) نے تازین مختار کی جوائنٹ ڈائریکٹر انڈسٹریز اینڈ کامرس کی تقرری کا خیرمقدم کیا۔تازین مختارکی تعریف کرتے ہوئے ایف سی آئی کے صدر شاہدکاملی نے کہاکہ ان کی تقرری سے انڈسٹری کو تیزرفتاری سے معاملات کے ازالے میں مدد ملے گی کیونکہ وہ پہلے ہی اسی محکمہ سے تعلق رکھتی ہیں اور نچلی سطح پر یونٹ ہولڈرز کو درپیش پریشانیوں کے بارے میں گہری معلومات رکھتی ہیں۔کاملی نے کہا کہ ایف سی آئی کے صنعتی شعبے کی بہتری کے لئے اہم پوزیشن کے لئے ان کی ہر طرح کی حمایت کا یقین دلاتا ہے۔
’عوام کی آواز‘
خاتون ہیلتھ ورکر نے لیفٹیننٹ گورنر کاشکر یہ ا دا کیا
سرینگر//ضلع ہسپتال شوپیان میں کام کرنے والی ایک خاتون ہیلتھ ورکر اَفروزہ اختر نے جموںوکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کا ماہانہ ریڈیو پروگرام ’’ عوام کی آواز ‘‘ میں جاری وَبائی کووِڈ ۔19 میں ضلعی شوپیان کے صحت کارکنوں کی تعریف کرتے ہوئے اپنے نام کا ذِکر کرنے پر اُن کا شکریہ اَدا کیا ہے ۔ اِس ہفتے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کورونا ویرئیر وں اور فرنٹ لائن ورکروں کی محنت ، لگن اور اَنتھک کوششوں کے لئے ماہانہ ریڈیو ٹاک شو وقف کیا جو جموںوکشمیرمیں جاری کووِڈ ۔19 وَبائی اَمراض کی خدمات اور کوششوں میں سرفہرست ہیں ۔ دورانِ پروگرام لیفٹیننٹ گورنر نے بہترین کام کرنے والے لوگوں کی کچھ متاثر کن کہانیاں شیئرکیں اور اِنسانی خدمت کے تئیں ان کے جذبے اور لگن کو سلام پیش کیا۔دوسرے فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکروں ( نرسز اینڈ پیرا میڈیکس ) کی طرح اَفروزہ اختر بھی اِس کووِڈ۔19 صحت بحران میں سب سے آگے ہے اور گھر سے وابستہ دونوں ذمہ داریاں پوری عزم اور وابستگی کے ساتھ مسلسل نبھا رہی ہے ۔اَفروزہ اختر وَبائی مرض کے آغاز سے ہی کووِڈ سے متعلق کام کر رہی ہے ۔ اُنہوں نے کہا ’’ یہ سن کر مجھے بہت خوشی ہوئی کہ لیفٹیننٹ گورنر نے ’عوام کی آواز‘ ریڈیو پروگرام میں میرے نام کا ذِکرکرکے میرے کام کو تسلیم کیا‘‘۔اُنہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر نے خود ہی ریڈیو ٹاک شو میں میرے نام کا ذکر کیا اور صحت کے کارکنوں اور شوپیان کے محکمہ صحت کے ٹیکوں سے متعلق پہلے نمبر پر ہونے والے کام کی تعریف کی۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ متاثر کن ہے کہ ہمارے کام کو خود لیفٹیننٹ گورنر تسلیم کررہے ہیں اور اس تسلیم کی وجہ سے ہم مزید عقیدت اور شوق کے ساتھ کام کو جاری رکھیں گے۔
ڈاکٹر فاروق کی
ابراہیم رئیسی کو ایرانی صدر منتخب ہونے پر مبارکباد
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ایران کے صدارتی انتخابات میں کامیابی پر ابراہیم رئیسی کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے انتخابات کے عمل کے پر امن طریقے سے مکمل ہونے پر ایرانی عوام کو بھی مبارکباد پیش کی۔انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ نومنتخب صدر اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ ملک کر خطے میں امن و امان کیلئے کام کریں گے اور اُمت مسلمہ کے اتحاد میں اپنا بھر پور رول ادا کریں گے۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ، سینئر پارٹی لیڈران آغا سید روح اللہ، آغا سید محمود، قمر علی آخون، تنویر صادق اور فیروز احمد خان نے بھی ابراہیم رئیسی کوصدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
آغا سید یوسف کو برسی پرآغا حسن کا خراج عقیدت
سرینگر// انجمن شرعی شیعیان نے تنظیم کے بانی اورعالم دین آغا سید یوسف الموسوی کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مرحوم کے اقامت دین کے مشن کو ہر حال میں جاری و ساری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انجمن صدرآغا سید حسن نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے اپنے آبا و اجدا دکے خدمت دین کے نصب العین کو تنظیمی شکل دے کر آ ئندہ نسلوں کے لئے محفوظ کیا اور تنظیم میں مختلف شعبے قائم کرکے تنظیم کے اساسی منشور کو یقینی بنایا۔انہوں نے کہا کہ موصوف کا سب سے نمایا ںکام باب العلم کا قیام ہے جس کے اہتمام سے پوری وادی میں دینی مدارس مصروف خدمت ہیں۔ آغا حسن نے کہا کہ مرحوم کو خراج عقیدت ادا کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے نصب العین کے ساتھ ہر سطح پر وفاداری کا مظاہرہ کیا جائے اور ایک شریعت شناس معاشرے کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں ۔
نیشنل کانفرنس اورجمعیت ہمدانیہ کا ڈاکٹر قاضی نثار کوخرا ج عقیدت
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال نے ڈاکٹرقاضی نثار کو برسی پر خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ موصوف عالم دین ہونے کے ساتھ ساتھ مخلص اور شریف النفس انسان تھے ۔ انہوں نے کہا کہ قاضی نثار کی رحلت سے ایک خلا پیداہوگیاہے ۔ سٹیٹ سیکریٹری پیرزادہ غلام احمد شاہ ،جنوبی زون صدر ڈاکٹر بشیر احمد ویری اورضلع صدر اننت ناگ الطاف احمد کلو نے بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم عالم دین، اہل قلم، دانشور اور مبلغ تھے۔ اُنہوں نے کہاکہ مرحوم نے کم عمر میں ہی دین اسلام کی تبلیغ واشاعت میں کلیدی رول ادا کیا۔ انہوں نے اپنی زندگی میں ہی اہل سنت والجماعت کے مشن کے ساتھ ساتھ درسگاہیں تعمیر کروائیں۔ جمعیت ہمدانیہ کے اجلاس میں مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کی گئی۔
شوپیان ضلع میں ’جیو‘ کی ناقص سروس
صارفین تکلیف دہ صورتحال سے دوچار
سرینگر//شوپیان میں ’جیو ‘کی ناقص سروس سے ضلع کے صارفین مشکلات سے دوچار ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ پورے ضلع میں انٹرنیٹ کی رفتار بھی انتہائی کم ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ بار بار کال ڈراپ اور نیٹ ورک کے خراب رابطے کی وجہ سے وہ ذہنی کوفت کا شکار ہیں۔علی محمد نامی ایک صارف نے بتایا کہ جیو مواصلاتی کمپنی ان سے معاوضہ لینے کے باوجود بہترین اور تسلی بخش سروس فراہم کرنے میں ناکام ہے ۔انہوں نے کہا کہ جہاں تک طلبہ کی آن لائن کلاسوں کا تعلق ہے تو سست رفتار انٹرنیٹ سروس کے باعث وہ بھی گھٹن کا شکار ہیں اور صحیح معنوں میں ناقص مواصلاتی نظام ہی انکی تعلیم میں سب بڑی رکاوٹ بن گیا ہے۔ ضلع سے تعلق رکھنے والے صارفین نے ریلائنس جیو کمپنی کے عہدیداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ معاملہ کا سنجیدہ نوٹس جلد از جلد اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔
اپنی پارٹی کی صوبائی کمیٹی
عہدیداروں کی تقرری
سرینگر// اپنی پارٹی نے پیرکو صوبائی کمیٹی کشمیر میں نئے دفتری عہدیداروں کی تقرری عمل میں لائی ۔ اِن تعیناتیوں کی تجویز صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر نے متعلقہ قیادت کے صلاح ومشورہ سے پیش کی اور اِن کا اعلان پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری کی منظوری کے بعد کیاگیاہے۔ عرفان متو کو صوبائی سیکریٹری صوبہ کشمیر اور جاوید جنید کو کارڈی نیٹر ضلع بڈگام کی ذمہ داری دی گئی ہے۔