سرینگر //ینفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے منگلوار کو علیحدگی پسندرہنماشبیراحمدشاہ کی ضمانت کی عرضی کی مخالفت کی اور کہا کہ موجودہ کیس میں ملزم سنگین جرم میں ملوث ہے اور وہ کشمیرمیں بدامنی پھیلانے کیلئے پاکستان سمیت بیرونی ممالک سے خطیررقومات حاصل کررہا تھا۔دہلی کی ایک عدالت میں شبیراحمدشاہ کی طرف سے داخل کی گئی ضمانتی عرضی کے جواب میں اینفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے کہا،’’شبیراحمدشاہ جنگجوسرگرمیوں کیلئے رقم بہم پہنچانے میں ملوث ہے،کیوں کہ جنگجو کو سہارادینے اور جنگجویانہ سرگرمیاں انجام دینے کیلئے پیسہ کی ضرورت تھی۔کے این ایس کے مطابق دہلی کی ایک عدالت میں شبیر شاہ کی درخواست ضمانت کے جواب میں دائر اپنے جواب میں،انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ شبیر شاہ عسکریت پسندی کی مالی اعانت کی سرگرمیوں میں بھی ملوث تھا کیونکہ عسکریت پسندی کو خود کو برقرار رکھنے اور عسکریت پسندی کی کارروائیوں کو انجام دینے کیلئے رقم کی ضرورت ہے۔ منی لانڈرنگ کے ذریعہ یہ سب کیا جا رہا تھا۔منگل کے روز اس معاملے کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج دھرمیندر رانا کی جانب سے 29 جون تک کے لئے ملتوی کر دی گئی کیونکہ شبیر شاہ کیلئے متعلقہ وکیل ذاتی مشکل کی وجہ سے اس معاملے میں دلائل کے لئے پیش نہیں ہوئے تھے۔ای ڈی کے جواب کے مطابق ملزم شبیر احمد شاہ پاکستان میں مقیم عسکریت پسند جماعت جماعت الدعویٰ کے سربراہ حافظ سعید سے باقاعدہ رابطے میں تھا۔ جماعت الدعویٰ اقوام متحدہ کی قرارداد نمبر 1267 کے تحت کالعدم تنظیم ہے جو سرحد پار سے ہونے والی عسکریت پسندی کو مدد دیتی ہے۔شبیر احمد شاہ بھی محمد شفیع شاعر کے ساتھ رابطے میں تھے۔ جس کا تعلق کشمیر سے ہے اور وہ سینٹرل جیل جموں سے رہائی کے بعد اپنے اہل خانہ سمیت پاکستان فرار ہوگیا تھا۔انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے کہا کہ درخواست دہندہ کے خلاف سنگین الزامات ہیں اور اس معاملے میں مزید تفتیش جاری ہے اور املاک کی نشاندہی کی جارہی ہے۔ کال ریکارڈ، ای میلز کی جانچ کی جا رہی ہے تاکہ پورے نیٹ ورک کا پتا لگ سکے۔ اگر درخواست گزار ملزم کو اس موقع پر ضمانت پر رہا کیا گیا تو پوری سازش کا پردہ فاش کرنا مشکل بن جائے گا اور ای ڈی کی پوری کاوشیں رائیگاں جائیں گی۔اس معاملے میں ایڈوکیٹ راجیو اوستھی اور ایڈوکیٹ نوین کمار مٹہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی نمائندگی کر رہے تھے جبکہ شبیر شاہ کیلئے ایڈووکیٹ ایم ایس خان، ایڈووکیٹ قیصر خان اور ایڈووکیٹ انکت کارنا شامل تھے۔شبیر شاہ نے حال ہی میں اس بنیاد پر ضابطہ اخلاق کے سیکشن 436 اے کی دفعات کی درخواست کرتے ہوئے ضمانت کے لئے درخواست کردی تھی کہ انہوں نے پی ایم ایل اے کے سیکشن 4کے تحت منی لانڈرنگ کے جرم کے لئے تجویز کردہ نصف سزا کاٹ لی ہیں۔اس درخواست میں کہا گیا ہے کہ اس معاملے میں شریک ملزم اسلم وانی کو پہلے ہی ضمانت مل چکی ہے اور شبیرشاہ بھی ناسازگار صحت میں مبتلا ہیں اسلئے انہیں ضمانت ملنی چاہئے۔