سینٹ لوسیا//ٹاپ آرڈر بیٹسمین کرس گیل (67) کی دھماکے دار نصف سنچری اور کپتان نکولس پورن کی 32 رنز کی جدوجہد سے پر اننگ کی بدولت ویسٹ انڈیز نے یہاں پیرکو تیسرے ٹی 20 مقابلے میں آسٹریلیا کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر نہ صرف ناقابل شکست برتری قائم کی، بلکہ پانچ میچوں کی سیریز بھی جیت لی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیائی ٹیم 20 اوورز میں 141 رن ہی بنا سکی۔ جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے اننگز کے 5.1 اوور باقی رہتے ہوئے چاروکٹ کھوکر 142 رن بنالئے ۔ ویسٹ انڈیز کی فتح کے ہیرو بننے والے گیل کے طوفان نے آسٹریلیا کو گھنٹنے ٹیکنے پر مجبورکردیا۔ گیل نے 38 گیندوں میں سات چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 67 رنز کی انتہائی عمدہ اننگ کھیلی۔ وہیں کیرون پولارڈ کی عدم موجودگی میں نیکولس پورن نے کپتان کا کردار ادا کرتے ہوئے 27 گیندوں پر 32 رنز کی سمجھداری والی اننگز کھیلی، جس میں انہوں نے ایک چھکا اور چار چوکے لگائے ۔ گیل اور پورن نے 67 رنز کی اہم شراکت قائم کرکے ٹیم کو نہ صرف میچ، بلکہ سیریز میں کامیابی دلائی۔ آسٹریلیا کی طرف سے نہ توکوئی بلے باز اورنہ ہی گیندباز موثرکارکردگی کا مظاہرہ کرپایا۔ ۔ آل راؤنڈر موئیسس ہنریکس نے 33 رنز بنائے ، جبکہ کپتان آرون فنچ نے 30 رنز بنائے ۔ گیندبازی میں ریلے میریڈتھ نے سب سے زیادہ تین وکٹ لئے ۔ مچل اسٹارک نے ایک وکٹ ملا، جبکہ باقی کوئی بھی گیندباز وکٹ لینے میں ناکام رہا۔ ویسٹ انڈیز کے لئے ہیڈن والش نے دو، اوبید میک کوئے ، ڈوین براوو اور فیبین ایلین نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے مابین اب 14 جولائی کو سینٹ لوسیا میں ہی چوتھا ٹین 20 مقابلہ کھیلاجائے گا۔یواین آئی