یو این آئی
لندن/ہندوستان کے کپتان شبھمن گل نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میں شاندار کارکردگی کے بعد آئی سی سی ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں نمبر ایک مقام کی دوڑ مزید دلچسپ بنا دی ہے۔ وہ اب سرفہرست نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل سے صرف 11 ریٹنگ پوائنٹس پیچھے رہ گئے ہیں۔گل نے انگلینڈ کے خلاف 75 گیندوں پر ناٹ آوٹ 80 رنز بنائے، جس میں 11 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ اس اننگز کے بعد ان کے ریٹنگ پوائنٹس میں 12 کا اضافہ ہوا۔تیز گیندباز جسپریت بمراہ نے بھی عمدہ واپسی کرتے ہوئے 31 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی، جس کے بعد وہ آئی سی سی ون ڈے بولنگ رینکنگ میں 24ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
ہندوستان کی فتح میں اکشر پٹیل (ناٹ آؤٹ 57) اور واشنگٹن سندر (ناٹ آؤٹ 52) نے اہم کردار ادا کیا۔ اکشر نے پہلی اننگز میں چار وکٹیں بھی حاصل کی تھیں، جس پر انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اس کارکردگی کے بعد وہ بیٹنگ رینکنگ میں 18 درجے ترقی کرکے 73ویں، بولنگ میں 42 ویں جبکہ آل راؤنڈر رینکنگ میں نویں نمبر پر پہنچ گئے۔ واشنگٹن سندر نے بھی بیٹنگ میں 24 اور آل راؤنڈر رینکنگ میں 16 درجے ترقی حاصل کی۔انگلینڈ کے جو روٹ نے 76 رنز کی اننگز کے بعد ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں مشترکہ طور پر 12ویں مقام حاصل کر لیا، جبکہ لیام ڈاسن 81 درجے ترقی کے ساتھ 262ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری ون ڈے سیریز میں نیوزی لینڈ کے جیڈن لینکس نے 19 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کرنے کے بعد بولنگ رینکنگ میں 31 درجے ترقی کرتے ہوئے 66واں مقام حاصل کیا، جبکہ ویسٹ انڈیز کے الزاری جوزف چھ درجے ترقی کرکے 36ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ویسٹ انڈیز کے شائے ہوپ چھٹے اور کیسی کارٹی پانچ درجے ترقی کے بعد پہلی بار ٹاپ 20 میں شامل ہو گئے ہیں۔