مینڈھر //محکمہ جل شکتی کی لاپرواہی سے مینڈھر سب ڈویژن کے اکثر دیہات میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے تا ہم کچھ ایک دیہات میں لوگوں کی پریشانی کو دور کرنے کیلئے فوج نے گاڑیوں کی مدد سے پانی کی سپلائی شروع کر دی ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ اور محکمہ پی ایچ ای کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ملازمین کی لاپرواہی اور غیر سنجیدگی کی وجہ سے کئی واٹر سپلائی سکیمیں بند ہو گئی ہیں تاہم کئی مرتبہ آفیسران اور مقامی انتظامیہ سے رجوع کرنے کے بعد بھی ان کو پینے کا صاف پانی فراہم ہی نہیں کیا جارہاہے ۔دوسری جانب عوامی مشکل کو دیکھتے ہوئے فوج کی جانب سے بھاٹی دھار و دیگر علا قوں میں گاڑیوں کے ذریعے پانی کی سپلائی شروع کر دی ہے ۔مقامی لوگوں نے فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل کئی ایک سرحدی دیہات میں فوج کی جانب سے پانی کی سپلائی کا عمل شروع کیا گیا تھا لیکن اب اس کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ واٹر سپلائی سکیموں کی بحالی کیلئے محکمہ کو متحرک کیا جائے اور ڈیوٹی میں کوتاہی کرنے والے ملازمین کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔