منڈی// سرپنچ ایسوسی ایشن بلاک منڈی کے اراکین نے منڈی صدر مقام پر پہاڑی طبقہ کے حقوق کے حق میں احتجاج کرتے ہوئے مانگ کی کہ قبائلی سروئے کو دوبارہ سے کروایا جائے تاکہ پہاڑی طبقہ کے لوگوں کو بھی انصا ف مل سکے ۔ایسوسی ایشن اراکین نے کہاکہ حال ہی میں جموں وکشمیر انتظامیہ کی جانب سے ایک حکم نامہ جاری کر کے گوجر بکروال طبقہ کے ڈھوکوں میں جانے والے افراد کا سروئے کروانے کا حکم جاری کیا تھا ۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ سروئے پر ان کو کوئی اعتراض نہیں ہے تاہم گوجر طبقہ کیساتھ ساتھ پہاڑی طبقہ کی ایک بڑی آبادی بھی گوجروں کی ہی طرح صورتحال کا سامنا کرتے ہوئے اپنے مال مویشیوں کے ہمراہ سالانہ ڈھوکوں میں جاتے ہیں اور وہ لگ بھگ چھ ماہ تک ڈھوکوں میں رہائش پذیر رہتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ گوجر طبقہ کیساتھ ہی مشکلات کا سامناکرنے والے پہاڑیوں کیساتھ انتظامیہ کی جانب سے سوتیلا سلوک کیا جارہاہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سروے کو دوبارہ سے کروایا جائے تاکہ پہاڑی طبقہ کو بھی اس میں شامل کیا جاسکے ۔مظاہرین میں سرپنچ ڈنوگام بشیر احمد ،سرپنچ راجپورہ فاروق احمد، سرپنچ آڑائی ملکاں اسلم ملک، سرپنچ اڑائی بی اسلم تانترے ،سرپنچ بیدار رفیق مدنی، سرپنچ چھمبر کناری الطاف نائیک ،سرپنچ براڑی محمد عظیم،سرپنچ پھگواڑی بشیر احمد سرپنچ ساوجیاں قیوم خان ودیگران بھی موجود تھے ۔