چلتی بس سے گر کر نوجوان لقمہ اجل
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ میں ایک سڑک حادثے کے دوران ایک نوجوان گاڑی سے گر کر لقمہ اجل بن گیا ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ پونچھ سے جموں جارہی ایک مسافر بس میں سے ایک نوجوان گر کر موقعہ پر ہی لقمہ اجل بن گیا جس کی شناخت محمد شفیق ولد عبدالرحمان سکنہ سرانو راجوری کے طورپر ہوئی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ مذکورہ نوجوان مسافر گاڑی کے دروازے کے قریب کھڑا تھا جس کے دوران وہ اچانک چلتی گاڑی سے گر کر موقعہ پر ہی لقمہ اجل بن گیا ۔انہوں نے بتا یا کہ گاڑی کا ڈرائیور موقعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ۔نوجوان کو نوشہرہ ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ پولیس نے گاڑی کو ضبط کرلیا ہے ۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔
سائیں والی داد کا عرس عقیدت و احترام سے منایا گیا
پرویز خان
منجا کوٹ //راجوری ضلع کے بھٹیاں علاقہ میں سائیں والی داد ؒکا سالانہ عرس انتہائی عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا ۔عرس کی تقریبات پیر کے روز سے شروع ہوئی تھی جس کے دوران منگل کے روز اجتماعی دعا کی گئی جس کے دوران ملک کیساتھ ساتھ جموں وکشمیر یوٹی میں امن ا مان کے سلسلہ میں خصوصی دعا کی گئی ۔اس تقریب میں عقیدت مندوں کیساتھ ساتھ علماء و مذہبی سکالروں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس دوران علماء نے سائیں والی داد کی حالات زندگی و تعلیمات پر خصوصی روشنی ڈالی اور عام لوگوں کو تلقین کی کہ وہ سائیں والی داد کی تعلیمات کو عا م کریں جبکہ بچوں کو دینی تعلیمات کی جانب راغب کریں تاکہ سماجی برائیوں کو ختم کیاجاسکے ۔اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کونسل کے وائس چیئر مین شبیر احمد خان ،ایڈمنسٹر یٹر اوقاف اسلامیہ شاہدرہ شریف و دیگر آفیسران نے بھی شرکت کی ۔
پہلا گولڈی میموریل کرکٹ ٹورنا منٹ شروع
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژں میں پہلا گولڈی میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ شروع ہو گیا ہے ۔اس ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب میں فوج کے کمانڈنگ آفیسر نے بطورمہمان خصوصی شرکت کی ۔ٹور نامنٹ کے منتظمین نے بتایا کہ اس کرکٹ ٹور نامنٹ میں مختلف علاقوں سے کل 22کرکٹ ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جبکہ ٹورنامنٹ میں مزید کھیلنے کیلئے ناک آئوٹ میں کامیابی حاصل کرنا ضروری ہوگا ۔اس ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ بی ای ڈی آئی کلب اور ایم سی سی کرکٹ کلب کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا ۔افتتاحی تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے فوجی کے کمانڈنگ آفیسر نے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہاکہ وہ کھیلوں کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرین کریں ۔انہو ں نے کہاکہ فوج نوجوانوں کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ترجیح بنیادوں پر کام کررہی ہے ۔
بدھل میں کبڈی لیگ 2021کا افتتاح کیا گیا
محمد بشارت
کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ کے بدھل علاقہ میں کبڈی لیگ 2021کا افتتاح کر دیا گیا ہے ۔ٹورنامنٹ کی افتتاح سماجی کارکن و سرپنچ کیول نے گور نمنٹ ہائی سکول بدھل میں کیا ۔افتتاحی پروگرام میں سرپنچ راج نگر بدھل ،شبیر احمد افلاطون ،سماجی کارکن محمد زید ساگر ،منظور قاضی ،شاہنواز خالی ،قیوم نائیک ،معروف بابا ،تنویر ٹھاکر ،اعجاز بٹ ،افتخار ملک ،اعجاز ٹھا کر ،شوکت علی ودیگران موجود تھے ۔اس ٹورنامنٹ کا اہتمام طاہرالسلام فیولز پٹرول پمپ کیول کی جانب سے کیا گیا تھا ۔اس ٹور نامنٹ میں راجوری اور ریاسی اضلاع کے کل 150کھلاڑی 10روز ہ ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گے ۔
راجوری میں ترنگا ریلی کا اہتمام کیا گیا
راجوری //راجوری ضلع کے سرحدی علاقہ میں ترنگا ریلی کا اہتمام کیا گیا ۔4سو کلو میٹر جذبہ اے ترانگا ریلی میں فوج کے کل 300اہلکار شرکت کررہے ہیں ۔اس ریلی کو جنرل کمانڈنگ آفیسر ایس آف سپیڈ ڈویژن کی جانب سے ہری جھنڈی دیکھا کر کیا گیا ۔ریلی کے راجوری پہنچنے پر فوج او ر سیول انتظامیہ کے اعلیٰ آفیسران بالخصوص ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری ،انسپکٹر جنرل آف پولیس اور ایس ایس پی راجوری بھی موجود تھے ۔فوج نے بتایا کہ مذکورہ ریلی کا اصل مقصد آپسی یکجہتی کو اجاگر کرنا ہے ۔
مینڈھر میں لڑائی کے دوران 1زخمی
جاوید اقبال
مینڈھر //تحصیل منکوٹ کے ٹائی منکوٹ میں جنگلاتی اراضی پر دو گروپوں میں ہوئی لڑائی میں ایک بزرگ شدید زخمی ہوگیا ۔مقامی لوگوں و اہل خانہ نے بتایا کہ عبداللہ چوہدری نامی ایک مقامی شخص جنگلاتی اراضی میں اپنے مویشیوں کے ہمراہ تھا کہ اسی دوران محمد صغیر نامی شخص کے گروپ نے اس پر حملہ کر کے شدید زخمی کر دیا ۔عبداللہ چوہدری گروپ کے لوگوں نے بتایا کہ کچھ افراد نے جنگلاتی اراضی پر غیر قانونی طورپر قبضہ کیا ہو ا ہے جبکہ دیگر لوگوں کو اراضی میں جانے ہی نہیں دیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایک سیاسی جماعت کی پشت پناہی کے بعد کچھ افراد جنگلاتی اراضی پر قبضہ کررہے ہیں جس کے دوران کی گئی لڑائی میں بزرگ شہری کو شدید زخمی کر دیا گیا ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جنگلاتی اراضی پر قبضہ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
۔75ویں یوم آزادی پربھاجپا یوا مورچہ کی ترنگا یاترا
حسین محتشم
پونچھ// سرحدی ضلع پونچھ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے یوا مورچہ کے کارکنان نے دفعہ370 کی حمایت میں ترنگا یاترا نکال کر یہ پیغام دینے کی کوشش کی ہے کہ یہ فیصلہ یہاں کی عوام کے مفاد میں ہے۔بھارتیہ جنتا پارٹی کی اس ریلی میںپارٹی کے کارکنان نے جموں کشمیر کا خصوصی درجہ ختم کئے جانے کی حمایت میں اور 75ویں یوم آزادی پر ترنگا یاترا نکالی۔ترنگا یاترا کے ذریعہ بی جے پی کارکنان نے یہ پیغام دینے کی کوشش کی ہے کہ جموں کشمیر میں اب سب کچھ ٹھیک ہے اور جو فیصلہ مرکزی حکومت لے رہی ہے وہ عوام کے مفاد میں ہے۔ ترنگا یاترا کا آغاز پارٹی کے ہیڈ کواٹر پونچھ سے ہوا، جس کی قیادت بی جے پی کی یوا مورچہ کے لیڈران کر رہے تھے، اور یہ ریلی پونچھ شہر کے مختلف محلہ جات سے گزرتے ہوئے پارٹی ہیڈ کواٹر پونچھ پر اختتام پزیر ہوئی۔اس دوران بی جے پی کارکنان نے وندے ماترم اور بھارت ماتا کے نعرے بھی لگانے کے ساتھ ساتھ ، مودی پر وشواس ہے، عوام تمہارے ساتھ ہے کے نعرے بھی لگا رہے تھے۔ ترنگا یاترا کے اختتام پزیر ہونے کے بعد بی جے پی یوا مورچہ کے ضلع صدر پونچھ امن ڈابر نے کہا کہ یاترا کے ذریعہ یہ بتانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ جموں کشمیر کا خصوصی درجہ ختم کرنے سے عوام کو کوئی نقصان نہیں ہے اور عوام اس سے مکمل طور سے مطمئن ہیں۔
ٹیچرس ایسو سی ایشن کا تعزیتی اجلاس
جموں / بانہال // آل ٹیچرس ایسوسی ایشن جموں وکشمیر یونین ٹیریٹری کا ایک آن لائین تعزیتی اجلاس ایسوسیشن کی ریاستی صدر مرگنیائی سلاتھیہ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں ایسوسی ایشن کے سرکردہ ممبر ماسٹر فاروق احمد بٹ ہائی سکول چریل بانہال کے برادر اصغر شبیر احمد بٹ کی المناک وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔ ایسو سیشن کی صدر اور تمام ضلع صدور نے فاروق احمد بٹ کو تعزیتی پیغامات بھیجے اور کئی ممبران نے ان کے گھر واقع لامبر بانہال جاکر اپنی تعزیت کا بھی اظہار کیا ہے۔