جموں // جموں ڈویژن میں ڈاکٹر سروپلی رادھاکرشنن کی سالگرہ کے موقع پریوم اساتذہ انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منایاگیا۔متعلقہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تعلیمی میدان کو بہتر بنانے میں غیر معمولی شراکت کرنے پر کئی اساتذہ اور اداروں کے سربراہوں کو اعزازات سے نوازا گیا۔ ڈوڈہ ضلع میں بھی یوم اساتذہ کی مناسبت سے تقریبات کا اہتمام کیا گیا جس دوران مقررین نے سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر رادھا کرشنن کو یاد کرتے ہوئے انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ضلع کی سب سے بڑی تقریب گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول (بوائز) ڈوڈہ میں منعقد ہوئی جس میں ضلع ڈی پی ای او محمد ایاض مغل نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی وہیں پرنسپل ایچ ایس ایس ترون تنویر احمد وانی، پرنسپل ایچ ایس ایس (گرلز) ڈوڈہ نازیہ منشی، پرنسپل ایچ ایس ایس (بوائز) کشور بانو مہمان ذی وقار کی حیثیت سے پروگرام میں شامل رہے۔اس دوران تدریسی و غیر تدریسی عملہ و طلاب نے بھی شرکت کی۔بچوں نے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کیا اور یوم اساتذہ کی مناسبت سے تقاریر کیں۔بھدرواہ، ٹھاٹھری ،گندوہ و عسر میں بھی کلسٹر لیول پر یوم اساتذہ کی تقریبات کوؤڈ 19 کے پروٹوکول کو مدنظر رکھتے ہوئے منعقد کیں جس دوران مقررین نے سابق صدر جمہوریہ کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اساتذہ کی خدمات کو بھی یاد کیا۔انہوں نے کہا کہ ایک استاد اپنی بے لوث محبت، محنت و لگن کے ساتھ طلباء و طالبات کو نہ صرف تعلیم سے آراستہ کرتا ہے بلکہ ان کی زندگیوں کو اسطرح سے منور کرتا ہے کہ وہ تعلیم سے فراغت کے بعد علم کی روشنی کو گھر گھر پہنچانے و ملک و سماج کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ والدین کے بعد دوسرا مقام استاد کا ہوتا ہے جس کو عزت بخشنا و احترام کرنا لازم ہے۔مقررین نے اساتذہ، والدین و طلباء کے آپسی تال میل پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے فرائض کو خوش اسلوبی سے نبھائیں اور عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنے بچوں کو اخلاقی تعلیم سے آراستہ کریں۔تقریبات کے دوران سابق و موجودہ اساتذہ و بچوں کو اعزازی اسناد سے بھی نوازا گیا۔اس دوران گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول بنون بونجواہ، گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول جکیاس ،گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول گندوہ،گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول چلی، گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول ٹانٹا ،گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول ملانوں ،گورنمنٹ مڈل سکول نیلی و دیگر کئی تعلیمی اداروں میں بھی یوم اساتذہ بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔مقررین نے بونجواہ کو علیحدہ تعلیمی زون قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔ادھرباقی جگہوں کی طرح گول میں بھی یوم اساتذ ہ کو بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔زون میں سب سے بڑی تقریب گورنمنٹ گرلز ہائی سکول گول میں منعقد ہوئی جہاں پر مختلف سکولوں سے آئے ہوئے اساتذہ نے یومِ اساتذہ پر روشنی ڈالی اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ بچوں کو بہترین تعلیم فراہم کریں اور اس جدید دور میں جہاں پر بچوں کو نوکری حاصل کرنے کے لئے قومی و ریاستی سطح کے امتحانات پاس کرنے پڑتے ہیں اس کے لئے بچوں کو تیار کریں اور اس وقت سماج میں جو مختلف قسم کی برائیوں نے جو جنم لیا ہے ان کو ختم کرنے میں اساتذہ کو اپنا کردار نبھاناچاہیے۔ اس تقریب کی مہمان خصوصی پرنسپل گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول گول گلزارا بیگم تھیں اور زونل ایجوکیشن آفیسر گول مہمان ذی وقار تھے ۔ تقریب کے آخر میں اساتذہ کو بہترین کارکردگی کے لیے اعزازات سے بھی نوازا گیا۔سخت کووڈ پروٹوکول کے درمیان ضلع رام بن میں اساتذہ کا دن بڑے جوش و خروش سے منایا گیا۔ ڈپٹی کمشنر مسرت الاسلام مرکزی تقریب میں مہمان خصوصی تھے جس میں چیف ایجوکیشن آفیسر ونود کول ، پرنسپلز ، ہیڈ ماسٹرز اور ایوارڈ یافتہ اساتذہ کے علاوہ طلباء نے شرکت کی۔اس موقع پر محکمہ تعلیم رام بن نے ضلع کے مختلف تعلیمی زونوں کے متعدد اساتذہ کو ان کی غیر معمولی شراکت کے لیے خاص طور پر آن لائن کلاسز ، کمیونٹی کلاسوں کے ذریعے طلباء کو اپنی پڑھائی کو صحیح طریقے سے سنبھالنے کے علاوہ کووڈ کے دوران آف لائن سٹڈی میٹریل مہیا کرنے پر نوازا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی سی نے کہا کہ اساتذہ حقیقی قوم کے معمار ہیں اور یہ دن معاشرے کو ان کا شکریہ ادا کرنے اور ان کی شراکت کو تسلیم کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ اسی طرح کے پروگرامز ضلع بھر میں اور سکول کی سطح پر بھی منعقد ہوئے۔گورنمنٹ ڈگری کالج مڑھ میں کالج کے پرنسپل پروفیسر ایکتا گپتا کی قیادت میں اساتذہ کا دن بڑے جوش و خروش سے منایا گیا۔پرنسپل اور دیگر سٹاف ممبران کی طرف سے کالج کا نیوز لیٹر جاری کیا گیا ۔'آن لائن کلاسز کے دوران میرے اساتذہ نے مجھے کیسے متاثر کیا' کے موضوع پر سمپوزیم کا اہتمام کیا گیا اور شرکاء کو اسناد دی گئیں۔ آن لائن ٹیچنگ کی اہمیت کے حوالے سے ورچوئل ویڈیو پریزینٹیشن بھی محکمہ تعلیم کے پروفیسر آشو جولی نے دکھائی۔گورنمنٹ کالج برائے خواتین (جی سی ڈبلیو) ادھم پور نے ورچوئل موڈ کے ذریعے ایک پوسٹر میکنگ کم سلوگن رائٹنگ مقابلہ منعقد کیا۔میزبان کالج کے پرنسپل پروفیسر منو مہاجن اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ، پرنسپل نے طالب علم کی زندگی میں استاد کے اہم کردار پر زور دیا ، جیسا کہ حقیقی قوم کے معمار اور علم اور حکمت کا ذریعہ ہے۔میزبان کالج کے 39 طلباء نے مقابلے میں حصہ لیا اور رنگوں کے ذریعے اساتذہ
کے تئیں اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
محکمہ اطلاعات کی جانب سے تصویری نمائش کا اہتمام
جموں//محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ جموں وکشمیر جموں نے ٹیچر بھون گاندھی نگر میں ٹیچرس ڈے کے موقعہ ’’ میرا ورثہ میرا فخر‘‘( سڈا بِرساں سڈا مان) کے موضوع پر ایک تصویری نمائش کا اہتمام کیا۔تصویری نمائش میں ثقافتی ورثے ، جموںوکشمیر کے سماجی اور قدرتی منظر نامے کی عکاسی کی گئی ہے ۔یہ نمائش ٹیچرس بھون میں منعقد ہوئی تھی جس کا مقصد معاشرے میں اُستاد کے کردار کو اُجاگرکرنا ہے۔مصوری اور تصاویر مع فن پاروں کی ایک رینج نے شائقین کو جموں وکشمیر کے بھرپور ثقافتی ورثے اور حیرت انگیز قدرتی منظر کی ایک جھلک پیش کی۔ جوائنٹ ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں ایچ آر پکھرو اور ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ ممتا شرما نے تصویری نمائش کا اِفتتاح کیا۔اِس موقعہ پر پرسنل آفیسر سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سنجے کمار بٹ ، ڈپٹی سی اِی او دویندر سنگھ منہاس بھی موجود تھے۔