نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے مختلف علاقوں میں بی پی ایل زمرے سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی ایک بڑی تعداد پردھان منتری آواس یوجنا سے ابھی تک باہر ہے جبکہ مستحق لوگوں نے بتایا کہ اعلیٰ حکام کی ہدایت کے باوجود متعلقہ آفیسر و ملازمین لوگوں کو مذکورہ سکیم کے زمر ے میں لانے میں پوری طرح سے ناکام ہو چکے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کی گئی سکیم کے کئی برس بعد بھی نوشہرہ کے سینکڑوں مستحقین کو فہرستوں میں شامل ہی نہیں کیا گیا جبکہ کئی ملازمین اپنے اثر ورسوخ والے لوگوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے کوشاں ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ دیہات میں ابھی بھی سینکڑوں کی تعداد میں کنبے ایسے ہیں جن کو مذکورہ سکیم کے سلسلہ میں بیداری ہی نہیں کیا جاسکا او ر نہ ہی ان کو مذکورہ سہولیات فراہم کرنے کیلئے عملی بنیادوں پر کوئی کام کیا جارہا ہے ۔گگروٹ گائوں کے مکینوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ دیہی ترقی کی جانب سے ابھی تک ان کو سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ برسوں قبل شروع کر دہ سکیم کے زمرے میں مستحقین کو لانے کیلئے کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے جارہے ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جلدازجلد بی پی ایم زمر ے کے لوگوں کو مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کر دہ سکیم کے تحت لایا جائے اور ان کی فہرستیں مرتب کر کے اعلیٰ حکام تک پہنچائی جائیں تاکہ غریبوں کو سہولیات میسر ہو سکیں ۔