منڈی//تحصیل منڈی میں پولیس اور سیول انتظامیہ نے ریت بجری مافیاکیخلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک ٹریکٹر ٹرالی اور ریت بجری ضبط کرلی ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ منڈی دریا سے غیر قانونی طور پر ریت اور بجری نکالنے والے لوگوں پر پولیس اور سیول انتظامیہ کے آفسران نے جمعہ کو کارروائی کرتے ہوئے ایک ٹرکٹر سمیت کافی زیادہ مقدار میں ریت اور بجری ضبط کی ہے جبکہ ڈرائیور موقعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ۔واضح رہے کہ ضلع پونچھ میں ریت اور بجری مافیا گزشتہ کافی عرصہ سے سرگرم ہے اور دریاوں سے جے سی بی مشینوں کے ذریعہ رات دن ریت بجری نکالی جارہی ہے ۔اگر چہ پولیس اور سیول انتظامیہ اس مافیا کے بارے میں باخبر بھی ہیں تاہم اس سلسلہ میں کوئی معقول کارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی ہے ۔منڈی کے مکینوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ دیائوں میں سے غیر قانونی طریقہ سے ریت بجری نکالنے کے عمل پر کوئی روک نہیں لگائی جارہی ہے ،انہوں نے جیو لوجی اینڈ مائینگ محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ان کی ملی بھگت سے سے دریائوں میں سے ریت بجری نکالی جارہی ہے جس کی وجہ سے برساتی موسم میں دریائوں میں آنے والی طغیانی کی وجہ سے ملحقہ علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کا نقصان ہو تا ہے ۔نائب تحصیلدار منڈی محمد طیب نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ مافیا اس عمل میں مصروف ہیں تاہم متعلقہ محکمہ کے آفیسران ان علاقوں کا دورہ نہیں کرتے لیکن اس کے باوجود بھی سیول انتظامیہ غیر قانونی عمل کو روکنے کی کوشش کرتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مافیا کے سلسلہ میں شکایت موصول ہوئی تھی جس کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی ۔انہوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ غیر قانونی عمل میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔