اینٹی کرپشن بیورو کا سرنکوٹ میں چھاپہ
پولیس اہلکار رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار
بختیار کاظمی
سرنکوٹ// اینٹی کرپشن بیورو کی جانب سے سرنکوٹ میں کی گئی ایک کارروائی کے دوران ایک پولیس ہیڈ کانسٹبل کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا ۔اینٹی کرپشن بیورو کو ایک تحریری شکایت موصول ہوئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ سرنکوٹ میں ایک پولیس اہلکار10ہزار روپے بطور رشوت مانگ رہا ہے ۔شکایت کنندہ نے شکایت میں تحریر کیا تھا کہ سرنکوٹ پولیس سٹیشن میں اس کے والد ،بھائی اور چچا پر ایک مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 311/2021زیر دفعہ 354/341/109 درج کیا گیا ہے جبکہ پولیس ہیڈ کانسٹبل بشیر آحمد کو تحقیقاتی آفیسر تعینات کیا گیا ہے جبکہ مذکورہ آفیسر دوران تحقیقات ان کو دھمکیاں دے رہا ہے کہ وہ ملزماں کیساتھ سخت سے سخت کیس تیار کرئے گا جبکہ اگر اس کو مذکورہ رقم دی گئی تو ہی وہ کیس کو نرم کرئے گا ۔شکایت کے بعد سی بی آئی کی جانب سے راجوری میں ایک مقدمہ درج کر کے کارروائی عمل میں لائی گئی ۔اینٹی کرپشن بیورو کی جانب سے مذکورہ کارروائی کیلئے ایک ٹیم تشکیل دی جس نے مذکورہ پولیس اہلکار کو شکایت کنندہ سے رشوت لیتے ہوئے گرفتار کرلیا جس کے بعد مزید تحقیقاتی عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔
دبڑ سڑک ٹرانسپورٹروں کیلئے پریشانی کا باعث
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ کی دبڑ سڑک خستہ حال ہونے کیساتھ ساتھ دونوں جانب جھاڑیاں ہونے کی وجہ سے ٹرانسپورٹروں کیلئے مشکلات کا باعث بنی ہوئی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے زیر تحت تعمیر ہورہی 9کلو میٹر سڑک جہاں مکینوں کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے وہائیں ٹرانسپورٹروں کیلئے مشکلات کا باعث بنی ہوئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سڑک کے دونوں اطراف جھاڑیوں کیساتھ ساتھ بھنگ کے بڑی تعداد میں پودے پائے جارہے ہیں جبکہ نالیوں کا کوئی بدوبست ہی نہیں کیا گیا ہے جبکہ سڑک کم کشادہ ہونے کی وجہ سے عام ڈرائیوروں کا گاڑی چلانا مشکل بن چکا ہے ۔مقامی لوگوں و ٹرانسپورٹروں نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہا کہ سڑک کی مرمت کیساتھ ساتھ اس کی نالیاں ٹھیک کی جائیں ۔
سرنکوٹ قصبہ میں پانی سپلائی کئی عرصہ سے بند
مکینوں کو مشکلات کا سامنا ،محکمہ ٹس سے مس نہیں
بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سرنکوٹ قصبہ میں گزشتہ کئی عرصہ سے پانی کی سپلائی مشینری کے خراب ہونے کی وجہ سے بند پڑی ہوئی ہے تاہم متعلقہ محکمہ کی جانب سے اس سلسلہ میں کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔مکینوں نے محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گزشتہ ایک ماہ سے سرنکوٹ قصبہ میں خراب ہوئی مشینری جس میں 3موٹرین اور دو بور ویل شامل ہیں ،جموں میں مرمت کیلئے بھیجے گئے ہیں لیکن اس کے بعد محکمہ کی جانب سے مذکورہ مشینری کو واپس لانے میں غیر ضروری طورپر تا خیر کی جارہی ہے جس کی وجہ سے قصبہ میں پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے ۔غور طلب ہے کہ سرنکوٹ ایک واحد قصبہ ہے جس کے چاروں طرف پانی کے کئی قدرتی وسائل موجود ہیں تاہم اس کے باوجود بھی محکمہ جل شکتی عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم ہی نہیں کررہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ مشینری کو دوبار ہ سے نصب کرنے کیلئے متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ آفیسران سے کئی مرتبہ رجوع کیا جاچکا ہے لیکن ابھی تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سرنکوٹ میں پانی کی قلت کو جلداز جلد دور کر کے عوام کیلئے سہولیت مہیا کی جائے ۔
ایمپلائز یو ناٹینڈ فرنٹ کا وفدو ائس چیئر مین سے ملاقی
پونچھ //این پی ایس ایمپلائز یو ناٹینڈ فرنٹ کا ایک وفد اپنی مانگوں کو لے کر ضلع ترقیاتی کونسل کے وائس چیئر مین کیساتھ ملا قی ہوا ۔نصرت شاہ کی قیادت والے وفد نے اپنی مانگوں و مطالبات پر مشتمل ایک یاداشت بھی وائس چیئر مین کو پیش کی ۔اس دوران وفد میں شامل اراکین نے این پی ایس ملازمین کو درپیش مسائل اور ان کی مانگوں کے بارے میں موصوف کو تفصیلی جانکاری فراہم کی ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پنشن سکیم کو بحال کرنے کیساتھ ساتھ ملازمین کو جی پی فنڈز کے سلسلہ میں درپیش مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے ۔وفد میں ہائر ایجوکیشن شعبہ سے اسسٹنٹ پروفیسر ضگم عباس ،اسسٹنٹ ایگز یکٹو انجینئر عبدالرزاق ،جونیئر انجینئر سورب کیساتھ ساتھ محکمہ جل شکتی ودیگر شعبوں کے ملازمین بھی وفد میں شامل تھے ۔ضلع ترقیاتی کونسل کے وائس چیئر مین نے وفد کی مانگوں کو بغور سننے کے بعد ان کو اعلیٰ حکام تک پہنچانے کی یقین دہانی بھی کروائی ۔
سید منظور حسین جعفری کا انتقال
محبوبہ مفتی نے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا
حسین محتشم
پونچھ//پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے اپنے پونچھ دورہ کے دوران گزشتہ برس انتقال کر چکے سید منظور حسین جعفری کے گھر واقعہ حسین آباد گورسائی جا کر غمزدہ خاندان سے تعزیت کرنے کیساتھ ساتھ دعائے مغفرت بھی کی ۔انہوں نے سید منظور حسین جعفری کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے فرزند سید عظمت حسین جعفری سابق رینج آفیسر و دیگر اہل خانہ کیساتھ تعزیت کا اظہارکیا ۔انہوں نے کہا کہ مرحوم دین دار، خوش اخلاق، سنجیدہ اور غریب پرور شخصیت کے مالک تھے جن کے انتقال بہت بڑا خلاء پیدا ہوا ہے۔انھوں نے کہا کہ اس خلاء کو پُر ہونے میں بہت زیادہ وقت لگے گا ۔اس دوران مرحوم کے لئے خصوصی فاتحہ خوانی کی گئی اور ان کی مغفرت کے لئے دعائیں طلب کی گی۔اس موقعہ پر محبوبہ مفتی کے ہمراہ پی ڈی پی کے ضلع صدر پونچھ شمیم احمد گنائی، سید ماجد شاہ، چوہدری طالب حسین، ندیم رفیق حسین خان،مولانا سید کوثر علی جعفری، سینئر لیڈر پی ڈی پی سید سفیر حسین جعفری موجود تھے۔
کرشی وگیان کیندر نے شجر کاری مہم چلائی
حسین محتشم
پونچھ//کرشی وگیان کیندر پونچھ کی جانب سے ضلع میںوزیر اعظم ہند نریندر مودی کے یوم پیدائش پرشجر کاری مہم چلائی گئی ۔اس شجر کاری مہم میں ضلع ترقیاتی کونسل چیئر مین پونچھ تعظیم اختر بطور مہمان خصوصی شامل ہوئیں جبکہ موصوفہ نے پودے لگاکر لوگوں کو ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے میں درختوں کی اہمیت سے واقف کروایا۔اس دوران محکمہ کی جانب سے ایک تقریب کا بھی انعقاد کیاگیا جہاںخطاب کرتے ہوئے ڈی ڈی سی چیئر مین نے کہا کہ شجر کاری سے نہ صرف ماحولیاتی توازن برقرار رہتا ہے بلکہ یہ صدقہ جاریہ بھی ہے۔انھوں نے کہا شجرکاری کا مقصد لوگوں میں اس حوالے سے شعور پیدا کرنا بھی ہے۔کرشی وگیان کیندر کے افسران ڈاکٹر اجے گپتا اور ڈاکٹر مظفر میر نے بھی اس دوران خطاب کرتے ہوئے کسانوں کو مختلف سکیموں کی جانکاری دی۔اس موقعہ پر متعلقہ محکمہ کے افسران اور ملازموں کے علاوہ ضلع بھر کے کسان جن میں زن ومرد سب شامل تھے ،نے شرکت کی۔محکمہ کی جانب سے اس دوران کسانوںمیں سبزیوں کے بیچوں بھی تقسیم کئے گئے ۔