مینڈھر //سب ڈویژن مینڈھر کی کانڈی گلہوتہ پنچایت کے معززین نے محکمہ دیہی ترقی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ پنچایت میں تعمیر اتی کاموں کے سلسلہ میں جعلی کاغذات مکمل کر کے بھاری پیمانے پر خرد بُرد کی گئی ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے قائم کردہ ٹیم کے اراکین نے بھی زمینی سطح پر کاموں کا معقول معائینہ نہیں کیا ۔مینڈھر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ایکس سروس مینوں و دیگر معززین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ دیہی ترقی کے ملازمین و مقامی سرپنچ کی ملی بھگت سے زمینی سطح پر کوئی تعمیر اتی کام نہیں کیا گیا جبکہ بھاری مقدار میں جعلی کاموں کے نام پر فنڈز ہڑپ لئے گئے ہیں ۔معززین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ پنچایت میں کئی ایسے افرادکے نام پر ’جاب کارڈ ‘بنائے گئے ہیں جو مذکورہ پنچایت کے رہائشی ہی نہیں ہیں جبکہ کئی طلباء اور سعودی عرب ودیگر خلیجی ممالک میں گئے ہوئے افراد کے نام پر بھی جعلی ’’جاب کارڈ ‘بنانے کر ان کے نام فنڈز منتقل کئے گئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں محکمہ دیہی ترقی کے اعلیٰ آفیسران و ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے بھی رابطہ کیا گیا تھا تاہم انہوں نے ایک کمیٹی تشکیل دی تھی ۔انہوں نے بتایا کہ موقعہ کا معائینہ کرنے والی ٹیم نے ابھی تک کوئی جواب ہی نہیں دیا ہے۔مقامی لوگوں و معززین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دے کر پورے معاملہ کی مکمل جانچ کی جائے اور غیر قانونی عمل میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔متعلقہ سرپنچ نے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہاکہ مطلب پرست افراد مذکورہ الزامات عائد کررہے ہیں جبکہ پنچایت میں قانون کے تحت کام ہورہے ہیں اور انتظامیہ کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی نے بھی کاموں کا معائینہ کیا ہے ۔