بانہال//جموں سرینگر شاہراہ پر ادہمپور علاقے میں سڑک کے دو الگ حادثات میں2 افراد کی موت واقع ہوئی جبکہ دیگر 9زخمی ہوئے ۔ اتوار کی صبح دار روڈ پر دہلی پبلک سکول ادہمپور کے نزدیک جموں سے گول سنگلدان علاقے کی طرف آنے والا ایک ٹیمپو ٹرولر مخالف سمت سے آرہے ایک ٹرک کے ساتھ ٹکرایا جس کے نتیجے میں ٹیمپو میں سوار9 افراد زخمی ہوگئے جبکہ ڈرائیور نے زخموں کی تاب نہ لاکر ہسپتال لیجاتے ہوئے دم توڑ دیا ۔ ڈرائیور کی شناخت 25 سالہ منظور احمد ولد عبدالرشید ساکن سنگلدان کے طور کی گئی ہے۔اس دوران سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب وادی سے جموں کی طرف جانا والا سیبوں سے لدھا ٹرک زیر نمبر JK05D/ 8319 ادہمپور کے علاقے میں سڑک سے نیچے لڑھک گیا جس کے نتیجے میں ٹرک ڈرائیور کی موت واقع ہوگئی۔ پولیس نے اس کی شناخت مدثر احمد بٹ ساکن سوپور کے طور پر کی ہے۔ادھرضلع ادہمپور میں ہی اتوار کی دوپہر کدھ اور چینینی کے درمیان ٹماٹر موڑ علاقے میں ایندھن کے ایک ٹینکر میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں ٹینکر میں سوار ایک سوار بری طرح جھلس گیا۔ یہ حادثہ سابق شاہراہ پر پیش آیا کیونکہ ناشری ٹنل کے اندر سے ایندھن اور گیس ٹینکروں پر پابندی عائد ہے۔