سرینگر// محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کے میدانی علاقوں میں بارشیں اور پہاڑی علاقوں میں ہلکی برباری ہوئی ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بارشوں کا سلسلہ رات کے دوران ہی ختم ہوجائیگا اور پیر کی صبح سے کوئی بارش نہیں ہوگی البتہ مطلع ابر آلود رہیگا۔انہوں نے کہا کہ مغربی ہوائوں کا کوئی اثر نہیں ہے البتہ کالے بادل چڑھنے کی وجہ سے بارشیں ہوئیں۔ انکا کہنا تھا کہ اتوار کی شام سے وسطحی کشمیر کے بڈگام، سرینگر اور گاندربل اضلاع، شمالی کشمیر کے کپوارہ او بارہمولہ اضلاع میں کافی دیر کیلئے موسلادھار بارش ہوئی جبکہ ضلع بانڈی پورہ میں قدرے کم بارش ریکارڈ کی گئی۔انہوں نے کہا کہ جنوبی کشمیر میں بہت ہلکی بارش ہونے کی اطلاعات ہیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ بارشیں شروع ہونے کیساتھ ہی سادھنا پاس کرناہ،افروٹ و کنگہ ڈوری گلمرگ،پیر کی گلی ،سونہ مرگ ، زوجیلا، دراس اور پنجترنی کے علاوہ گریز کے پہاڑوں پر اس موسم کی دوسری برفباری ہوئی تاہم اس میں کوئی شدت نہیں تھی بلکہ بہت ہلکی برفباری ہونے کی اطلاعات ہیں۔انکا کہنا تھا کہ پہاڑوں پر معمولی برف پڑی لیکن میدانی علاقوں میں کہیں بھی کوئی برفباری نہیں ہوئی۔ڈپٹی ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ11اکتوبر کو دن میں بارش نہیں ہوگی البتہ مطلع ابر آلود رہنے کا قوی امکان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ12سے 16 اکتوبر کی شام تک موسم خشک رہیگا اور برفباری یا بارش نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ 16اکتوبر کے بعد موسم ایک بار پھر کروٹ لے گا اور آج کی طرح ہی پہاڑوں پر برفباری اور میدانی علاقوں میں بارشیں ہونے کی توقع ہے۔