بانہال// اتوار کی رات دس سے بجے پیر کی صبح تک ضلع رام بن کے علاقوں میں بارشیں ہوئیں جبکہ پیر پنجال کے پہاڑی سلسلوں پر اس موسم کی پہلی برفباری ہوئی ہے ۔جس کی وجہ سے پہلے سے رات کے اوقات میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔۔پیر صبح دس بجے بعد اگرچہ دھوپ بھی نکل آئی تاہم مطلع مجموعی طور ابرالود رہا۔اتوار کی رات نو بجے سے تیز ہوائیں چلیں اور بجلیاں کڑکنے کے بعد تیز بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا ، جو پیر کی صبح دس بجے تک جاری رہا۔ اتوار اور پیر کی رات مہو منگت ، ترگام ٹاپ ، جواہر ٹنل کے اوپری پیر پنجال کے پہاڑی سلسلے پر ہلکی ہلکی برفباری ہوئی جو اس موسم کی پہلی برفباری تھی۔ اس موسمی تبدیلی کی وجہ سے رام بن میں پچھلے کئی مہینے سے جاری گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوئی ہے اور لوگوں نے راحت کی سانس لی ہے ۔ بانہال میں اس مہینے کے اوائل سے ہی رات کے اوقات میں ٹھنڈ بڑھ گئی تھی جبکہ دن کے اوقات میں درجہ حرارت 25 اور 30 ڈگری سیلسس کے درمیان چلتا آرہا اور بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری سے سردی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔اس دوران بارشوں کے باوجود جموں سرینگر شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحرکت بغیر کسی خلل کے جاری رہی تاہم رام بن بانہال سیکٹر میں وقفے وقفے کا ٹریفک جام بھی رہا۔ پیر کے روز شاہراہ پر مسافر گاڑیوں کو دونوں طرف سے چلنے کی اجازت تھی جبکہ مال بردار ٹریفک کو ادھم پور سے وادی کشمیر کی طرف چلنے کی اجازت تھی۔
مرگن و سنتھن ٹاپ پر برفباری کے بعد میدانی علاقوں میں سردی کی لہر
عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے پہاڑوں پر سوموار کی رات تازہ برفباری درج ہونے کے بعد میدانی علاقوں میں سردی کی لہر پائی جارہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مرگن ٹاپ ، سنتھن ٹاپ و دیگر بالائی علاقوں میں ایک سے دو انچ برف درج کی گئی تاہم میدانی علاقوں میں موسم ابرآلودرہا اور بعد دوپہر دھوپ نکلی۔ پہاڑوں پر امسال کی پہلی تازہ برفباری کے بعد میدانی علاقوں میں سردی لی لہر پیدا ہوئی اور لوگوں نے گر م ملبوسات پہننے شروع کردئے جبکہ پنکھوں کا استعمال بنددکردیا۔ کشتواڑ سنھتن قومی شاہراہ پر برفباری کے باوجود گاڑیوں کی آواجاہی جاری رہی اور سینکڑوں گاڑیوں نے سفر کیا جبکہ سطح سمندر سے 12000فٹ کی بلندی پر واقع مرگن ٹاپ پر بھی گاڑیاں بلا خلل چلتی رہیں۔