رام بن // جموں کے ضلع رام بن کے مختلف قصبوں میں عید میلاد النبی منانے کی تیاریوں اور انتظامات کے لیے خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جس میں ضلع کے ہر قصبے میں عید میلاد مجالس میں بڑی تعداد میں عقیدت مند مسلمانوں کی شرکت متوقع ہے۔ اس پہاڑی ضلع کے مختلف علاقوں سے موصول ہونے والی اطلاعات سے پتہ چلتا ہے کہ عید میلاد مجلسیں رام بن،بٹوت، گول ،سنگلدان اور بانہال میں منعقد ہوں گی جس میں سینکڑوں مسلمان حصہ لیں گے۔ مجالس میں علمائے کرام اور خطباءپیغمبر آخرالزماں حضرت محمد ﷺکی سیرت طیبہ پر روشنی ڈالیں گے۔ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو الرٹ رکھا گیا ہے۔ دریں اثنا اس سلسلے میں ایک اجلاس ڈپٹی کمشنر رام بن کے دفتر میں منعقد ہوا جس میں مقامی مذہبی تنظیموں کے ممبران اور عہدیداران ، مختلف مساجد کے امام ، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے افسران نے شرکت کی۔ سب ڈویڑنل مجسٹریٹوں بانہال ، رامسو اور گول ، ایگزیکٹو انجینئر محکمہ بجلی اور تحصیلداروں نے ورچوئل موڈ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت اسلام نے ایس ڈی ایموں اور تحصیلداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے دائرہ اختیار میں عید میلاد النبی کے حوالے سے تمام مناسب انتظامات کو یقینی بنائیں۔ کوویڈ پروٹوکول کی تکمیل کے بیچ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ بجلی اور جل شکتی کے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ بجلی اور پانی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ ڈی سی نے کہا کہ کوویڈ ابھی ختم نہیں ہوا ہے لہٰذا لوگوں کو کوویڈ کے مناسب رویے پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پی ڈی ڈی اور جل شکتی ڈیپارٹمنٹ کے عہدیداروں کو بلا تعطل بجلی اور پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ میونسپل کمیٹیوں رام بن بٹوت اور بانہال کے ایگزیکٹو آفیسراں کو ہدایت کی گئی کہ وہ بازاروں میں صفائی کے تمام انتظامات کریں۔ انہوں نے صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے محکمہ صحت کو ہدایات بھی جاری کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے مذہبی لیڈروں پر زور دیا کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں عید میلادکے اجتماعات میں شریک عقیدت مندوں کو کویڈ سے متعلق معیاری عملیاتی طریقہ کار کی تعمیل کو یقینی بنائیں ۔انہوں نے جسمانی فاصلہ برقرار رکھنے کے علاوہ فیس ماسک پہننے کی ہدایت دی۔