بانہال//دریاچناب میں پانی کی سطح میں کمی آنے کے باعث بغلہار بجلی گھر کے تین ٹرباینوں نے کام کرنابند کیا ہے جس کی وجہ سے اس بجلی گھر کی پیداواری صلاحیت900میگاواٹ سے گھٹ کر450میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے اور پانی میںمزید کمی کے نتیجے میں بجلی گھر کی پیداوار میں مزید کمی ہونے کاخدشہ ہے۔جموں کشمیر پاورڈیولپمنٹ کارپوریشن کے جانکار ذرائع نے بتایا کہ دریا چناب میں پچھلے کئی ہفتوں سے پانی کی سطح مسلسل گررہی ہے ،جس کی وجہ سے نوسومیگاواٹ صلاحیت والے اس بجلی گھر سے اب صرف450میگاواٹ بجلی پیداہورہی ہے۔ذرائع نے کہا کہ پانی کی سطح میں کمی کی وجہ سے بغلیہار بجلی گھر کے ایک فیزکے تین ہی ٹربائین کام کررہے ہیں جن سے فی ٹربائین150میگاواٹ اور کل450میگاواٹ بجلی پیداہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اتنی ہی صلاحیت کے دوسرے فیز کی تین ٹربائینوں نے پانی کی سطح کم ہونے کے نتیجے میں کام کرنابند کردیا ہے۔ذرائع نے یہ بھی کہا کہ دریا ئے چناب میں پانی کی بھر پور سطح کے دوران 900میگاواٹ بجلی پیدا ہوتی ہے اوراس سے روزانہ چھ سے آٹھ کروڑ روپے کی آمدن ہوتی ہے۔ بغلیہار پن بجلی پروجیکٹ دریائے چناب پر ضلع رام بن کے چندرکوٹ علاقے میں تعمیر کیا گیا ہے اور اس کاساڑھے چار سو میگاواٹ کی صلاحیت والا کا پہلا مرحلہ 2008 سے کام کر رہا ہے جبکہ اتنی ہی صلاحیت کا دوسرا مرحلہ 2015 میں قوم کے نام وقف کیا گیا۔