ڈوڈہ //محکمہ صحت کی جانب سے ٹروما ہسپتال کھیلینی میں ایک خون عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں مقامی نوجوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کرکے خون عطیہ کیا۔چیف میڈیکل آفیسر ڈوڈہ ڈاکٹر محمد یعقوب میر کی زیر نگرانی کیمپ میں عطیہ کیا گیا خون کو گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ کے اسٹور میں جمع رکھا جائے گا۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئے روز بیماروں کو خون کی ضرورت پڑتی ہے اور بروقت دستیاب نہ ہونے پر انہیں کافی مشکلات سے گذرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت نے رضاکارانہ طور پر ضلع میں خون عطیہ کیمپ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت منگل کے روز کھیلینی میں یہ کیمپ منعقد کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ بدھ کو پرائمری ہیلتھ سینٹر چنگا میں اسی طرح کا ایک اور کیمپ منعقد کیا جائے گا۔سی ایم او نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اس طرح کے کیمپوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنا خون عطیہ کریں تاکہ ضرورت مندوں کی وقت پر مدد ہو سکے۔