ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں محکمہ جل شکتی کی ناقص کارکردگی کو لے کر آئے روز لوگ سڑکوں پر نکل کر متعلقہ محکمہ کے خلاف اپنی ناراضگی کا اظہار کررہے ہیں۔ادھر منگل کے روز نارنو گاؤں سے آئے لوگوں نے بھدرواہ ڈوڈہ شاہراہ پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے پینے کے صاف پانی کی قلت پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا۔احتجاج میں شامل مرد و زن نے شرکت کرکے متعلقہ محکمہ کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی سے انہیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے پچھلے کئی دنوں سے وہ پانی سے محروم ہیں اور متعلقہ حکام کوئی عملی قدم نہیں اٹھا رہے۔احتجاجی مظاہرین نے محکمہ کے ملازمین پر غیر اخلاقی برتاؤ و ناشائستہ الفاط کا استعمال کرنے کا بھی الزام عائد کیا۔اس دوران سرپنچ پنچائت کلشاڑی ساجد میر نے بھی پانی کی عدم دستیابی پر متعلقہ حکام سے ہنگامی پر پانی بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر چہ پانی کی نئی اسکیموں کے لئے پروجیکٹوں کو منظوری دی گئی ہے لیکن ابھی تک ان پر کام شروع نہیں ہوا ہے جس کے نتیجے میں عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے انتباہ کیا کہ اگر محکمہ نے ایک دن میں پانی بحال نہیں کیا تو وہ بڑے پیمانے پر احتجاج کریں گے۔