نئی دہلی// صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر منسکھ مانڈویا نے کورونا ٹیکہ کاری مہم میں ہر شخص تک پہنچنے پر زور دیتے ہوئے ریاستوں کو یقین دلایا ہے کہ ملک میں کووڈ ویکسین کی کوئی کمی نہیں ہے ۔ جمعرات کو یہاں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے وزرائے صحت کے ساتھ کووڈ ٹیکہ کاری کی ہر گھر دستک مہم کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے مسٹر مانڈویا نے کہا کہ کووڈ ویکسین پہنچانے کے لیے ہر فرد تک پہنچنے کی کوشش کی جانی چاہیے ۔ انہوں نے کہا، ‘کووڈ ویکسینیشن مہم میں کسی بھی شخص چھوٹنا نہیں چاہیے ۔ اس کے لیے اجتماعی کوششیں کی جانی چاہئیں’۔مسٹر مانڈویا نے کہا کہ ہر شخص کو کورونا وبا کے خلاف کووڈ ویکسین کا تحفظ ملنا چاہیے ۔ انہوں نے ریاستوں کو ہر طرح کی مدد کا یقین دلایا اور کہا کہ ملک میں کووڈ ویکسین کی کوئی کمی نہیں ہے ۔ مرکزی وزیر نے کووڈ معیار پر عمل درآمد یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ویکسینیشن ایک حفاظتی اقدام ہے لیکن کووڈ کے معیارکی پابندی میں نرمی نہیں کی جانی چاہئے ۔صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر بھارتی پروین پوار بھی میٹنگ میں موجود تھیں۔ میٹنگ میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کووڈ کی روک تھام اور انتظام کے لیے صحت عامہ کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔