کپوارہ //ڈپٹی کمشنر کپوارہ امام دین نے جمعرات کو متعلقہ افسران کی میٹنگ طلب کی تاکہ ضلع کیپکس بجٹ 2021-22 کے تحت منظور شدہ ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔میٹنگ کے دوران ضلع میں مختلف منظور شدہ کاموں کی رفتار کا بلاک وار تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پی آر آئی گرانٹس کے تحت 989 کام، ڈی ڈی سی گرانٹس کے تحت 299 اور ڈسٹرکٹ کپکس بجٹ2021.22 کے تحت 58 کاموں کی منظوری دی گئی ہے جن میں سے 1144 کاموں کی انتظامی منظوری مل چکی ہے۔یہ کام مختلف محکموں بشمول دیہی ترقی ، پی ڈی ڈی ، صحت اور تعلیم کے تحت کئے جا رہے ہیں ۔ڈپٹی کمشنر نے افسران پر زور دیا کہ وہ کام کی ٹائم لائن پر سختی سے عمل کریں اور تمام کاموں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کو یقینی بنائیں۔ معیاری کاموں کو یقینی بنانے کیلئے ڈپٹی کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ کاموں کا باقاعدہ معائنہ کریں۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے ضلع میں بجلی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ انجینئروں کو ہدایت کی کہ وہ بجلی کی غیر شیڈول کٹوتی کو روکیں تاکہ لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔