ڈوڈہ //گوجر بکروال طبقہ کی فلاح و بہبود کیلئے محکمہ قبائلی امور کی جانب سے فراہم کردہ رقومات سے سب ڈویژن گندوہ کو محروم رکھنے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بلاک کونسل چیئرمین بھلیسہ چوہدری محمد حنیف نے کہا کہ پنچائتی اراکین کی جانب سے مرتب کردہ پلان میں ردو بدل کر کے ڈوڈہ انتظامیہ نے ان کے ساتھ سوتیلے پن کا سلوک کیا۔گندوہ میں منعقد ایک پریس کانفرنس سے مخاطب ہوتے ہوئے بی ڈی سی چیئرمین نے کہا کہ حکومت نے قبائلی علاقوں میں ماڈل ولیج تعمیر کرنے کی غرض سے ضلع انتظامیہ کو ڈیڑھ کروڑ روپے فراہم کئے اور اس کے لئے باقاعدہ طور پر پنچائتی اراکین نے ڈی ڈی سی و بی ڈی سی چیئرپرسنوں کی موجودگی میں پلان بھی مرتب کیا تھا لیکن ڈوڈہ انتظامیہ نے انہیں اعتماد میں لئے بغیر اس پلان میں ردو بدل کیا اور مخصوص علاقہ کو ہی اس میں شامل کیا۔بی ڈی سی چیئرمین نے کہا کہ بلاک گندوہ چلی، پنگل و چنگا میں ان کی آبادی بیس ہزار کے قریب ہے لیکن انتظامیہ نے اس کے باوجود حکومتی گائیڈ لائن کے خلاف ان رقومات کا استعمال کیا۔انہوں نے کہا کہ جن گاو¿ں کی نشاندہی کی گئی ہے ہمیں ان سے کوئی رنجش نہیں ہے لیکن حیرانگی اس بات پر ہے کہ ڈوڈہ انتظامیہ نے چار بلاکوں کو کیسے نظر انداز کیا۔بی ڈی سی چیئرمین نے کہا کہ انتظامیہ ان کے ساتھ سوتیلے پن کا سلوک کررہی ہے جس کی وہ شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ایل جی انتظامیہ سے متعلقہ حکام کو جوابدہ بنانے وہ اس پلان کو نئے سرے سے ترتیب دینے کا مطالبہ کیا ہے۔